پلواما دہشت گردانہ حادثے پر ایران کی جانب سے ہمدردی کا اظہار
اسلامی جمہوریہ ایران نے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے صدر مقام سری نگر کے قریب ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے حادثے میں مارے گئے فوجیوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ہندوستان کے علاقے سری نگر میں دہشت گردانہ حملے کی، کہ جس میں دسیوں افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے، سخت الفاظ میں مذمت کی اور اس تلخ حادثے پر ہندوستان کی حکومت اور عوام کو تعزیت پیش کی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران کہ جو خود دہشت گردی کا نشانہ بنا ہے اور جس نے مغربی ایشیا کے علاقے میں دہشت گردی کی بیخ کنی کے لئے بے پناہ کوششیں اور وسیع اقدامات انجام دیئے ہیں اور اس کے لئے قربانیاں دی ہیں، پورے عزم و ارادے کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے راستے کو جاری رکھے گا-
بہرام قاسمی نے کہا کہ خونریز اور غیر انسانی روش سے استفادہ خواہ وہ کسی بھی گروہ کی جانب سے کسی بھی مقصد یا کسی بھی نام و عنوان سے ہو ناقابل قبول ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو ہندوستان کے زیرانتظام جموں و کشمیر میں سری نگر کے قریب پلواما علاقے میں ہندوستانی فوجیوں کے ایک قافلے کے راستے میں خودکش کار بم دھماکے میں پچاس سے زائد ہندوستانی فوجی ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے-