شام کی مدد، استقامتی محاذ کی مدد ہے : رہبر انقلاب اسلامی
رہبرانقلاب اسلامی نے شام کے صدر بشار اسد سے ملاقات میں فرمایا کہ آپ نے جس استقامت کا مظاہرہ کیا اس سے آپ عرب دنیا میں ایک ہیرو اور فاتح بن گئے ہیں اور علاقے میں استقامتی محاذ کو آپ کی وجہ سے مزید طاقت اور عزت ملی ہے ۔
شام کے صدر بشاراسد نے پیرکو تہران میں رہبرانقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی ۔
رہبرانقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں فرمایا کہ امریکا اوراس کے علاقائی پٹھوؤں کو شکست دینے کا اصل راز شام کے صدر اورعوام کی استقامت اوراس استقامت کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھنے پر انحصار ہے ۔
|
آپ نے شام کے بحران کے آغاز سے ہی شامی عوام اور حکومت کے لئے ایران کی مخلصانہ حمایت کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ شام نے اپنی ثابت قدمی اورعوام کی حمایت سے امریکا، یورپ اوران کے علاقائی اتحادیوں کے ایک بڑے اتحاد کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کیا اوراس جنگ سے کامیابی کے ساتھ باہر نکلا ۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مستقبل میں ہر طرح کی سازشوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، شام کی حکومت اورعوام کی حمایت اور مدد کو استقامتی محاذ کی مدد سمجھتاہے اور ہم اس پر فخر کرتے ہيں -
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ شام میں استقامتی محاذ کی فتح کی وجہ سے امریکی حکام شدید جھنجھلاہٹ کا شکار ہيں اور وہ نت نئی سازشوں اور منصوبہ بندیوں میں مصروف ہيں ۔ آپ نے اس سلسلے میں کچھ مثالیں پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ امریکی حکام شام میں جس حائل علاقے کے قیام کی بات کررہے ہيں وہ انہی خطرناک سازشوں میں سے ایک ہے اس لئے ان سازشوں کو پوری قوت کے ساتھ مسترد کردینے اور ان کے مقابلے میں ڈٹ جانے کی ضرورت ہے ۔
آپ نے فرمایا کہ امریکی حکام عراق اور شام میں باقی رہنے کا منصوبہ بنائے ہوئے ہيں اور یہ ان کی انہی سازشوں کا ایک حصہ ہے -
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران اور شام ایک دوسرے کے اسٹریٹیجیک ڈیپتھ ہيں اور استقامتی محاذ کی شناخت بھی اسی اسٹریٹیجک تعلقات سے وابستہ ہے بنابریں دشمن کبھی بھی اپنے منصوبوں کو عملی جامہ نہيں پہنا سکے گا ۔
آپ نے فرمایا کہ دشمنوں کی غلطی یہ تھی کہ انہوں نے شام کو بھی بعض دیگر عرب ملکوں کی طرح سمجھا تھا جبکہ ان ملکوں میں عوام کی تحریک، استقامت و پامردی کی راہ میں تھی اور درحقیقت امریکا اوراس کے پٹھوؤں کے خلاف تھی –
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پہلے کی ہی طرح آئندہ بھی شام کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا رہے گا کیونکہ وہ اسے استقامتی محاذ کی مدد سمجھتا ہے –
شام کے صدر بشار اسد نے بھی اس ملاقات میں شام کے عوام اور حکومت کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی بے دریغ حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شام پر مسلط کی گئی جنگ بھی ایران پر مسلط کی گئی آٹھ سالہ جنگ کی ہی طرح تھی اور اسلامی جمہوریہ ایران اس پورے واقعے میں ہمارے ساتھ کھڑا رہا ۔
واضح رہے کہ شام میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں منجملہ داعش کے خلاف جنگ میں شام کی فتح کے بعد بشار اسد کا یہ پہلا دورہ تہران تھا-