Mar ۱۶, ۲۰۱۹ ۰۹:۱۵ Asia/Tehran
  •  اسلامو فوبیا کا مقابلہ ناگزیر: ایرانی صدر

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے نیوزی لینڈکی مساجد میں نہتے مسلمانوں پر دہشتگردی اور نسل پرستی پر مبنی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس واقعے نے ایک بار پھر اس بات کا تقاضا کردیا کہ اسلامو فوبیا کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کےصدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے نیوزی لینڈ میں مساجد پر دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مغربی ممالک میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کے عزائم کا سب کو مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔.

ایران کے صدر نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں مسلمانوں کا بے دردی سے قتل عام نے دنیا بھر کے مسلمان، حریت پسند اقوام بالخصوص ایرانی عوام کے دلوں کو مجروح کردیا.انہوں نے کہا کہ اس سفاکانہ دہشتگردی میں متعدد مسلمان شہید اور زخمی ہوئے، بدقسمتی سے بعض مغربی ممالک کی سرپرستی میں اسلاموفوبیا کو فروغ دیا جارہا ہے لہذا اس جیسی دہشتگردی کا ہر حال میں مقابلہ کرنا ہوگا۔.

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے بعض مغربی میڈیا نے غیرپیشہ ورانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے اس ہولناک واقعے کو کوئی اور رنگ دیا جس سے مزید نسل پرستی اور امتیازی سلوک سامنے آتا ہے.انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں مساجد پر دہشتگردی اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشتگردی اب بھی ایک اہم عالمی چیلنج ہے لہذا اس لعنت کے خاتمے کے لئے تمام ممالک بالخصوص مسلم ریاستوں کو ایک ہونا پڑے گا.

صدرحسن روحانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشتگردی اور نسل پرستی کے خلاف جنگ کے لئے پُرعزم ہے اور ہمیں یقین ہے کہ امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی سے ایسی تمام سازشوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے.

یاد رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں نماز جمعہ سے قبل مسلح حملوں میں 50 افراد جاں بحق  اور متعدد زخمی ہوئے۔.

ٹیگس