سیلاب متاثرین کی بھرپور امداد پر رہبر انقلاب اسلامی کی تاکید
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ مختلف صوبوں میں آنے والے حالیہ سیلاب متاثرین کے لئے امدادی کارروائیاں اور ان امدادی کارروائیوں کے لئے ملک کے مختلف اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور امداد کا جذبہ قابل دید تھا۔
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے نائب صدر، کابینہ کے متعدد وزرا، مسلح افواج کے کمانڈروں اور ڈیزاسٹرمینجمنٹ کے عہدیداروں اور دیگر امدادی اداروں کے ذمہ داروں سے ملاقات میں فرمایا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں اور لوگوں کی مشکلات کو دور کرنے کے لئے سبھی ضروری اقدامات پوری سنجیدگی کے ساتھ انجام پانے چاہئیں اور یہ اقدامات اس وقت تک جاری رہنے چاہئیں جب تک لوگوں کے مصائب و مشکلات ختم نہیں ہو جاتیں-
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اب تک جو امدادی کارروائیاں انجام پائی ہیں اور سیلاب زدہ علاقوں میں حکومتی اور فوجی عہدیداروں کے مابین جس طرح کی ہم آہنگی دیکھی گئی ہے وہ قابل تعریف ہے-
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ حالیہ حادثے میں عوام نے بھی حقیقی معنوں میں جہادی پیمانے پر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا اور یہ جذبہ غیر معمولی تھا-
آپ نے فرمایا کہ اس حادثے میں جو جذبہ دیکھنے کو ملا اس سے ایک بار پھر یہ ثابت ہو گیا کہ حکام اور عوام میں اچھی ہم آہنگی اور تعاون پایا جاتا ہے-