Apr ۱۵, ۲۰۱۹ ۱۰:۳۸ Asia/Tehran
  • تیل کی قیمت بڑھانے پر ایران کا امریکہ کو انتباہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر پٹرولیم نے تیل کی قیمتیں بڑھانے پر امریکہ کو متنبہ کیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر پٹرولیم بیژن نامدار زنگنہ نے اتوار کے روز ریڈیو پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ کی جانب سے ایران کیخلاف مزید دباؤ ڈالنے کی دھمکیوں پر کہا کہ اگر امریکہ ایران کیخلاف مزید دباؤ ڈالے گا تو تیل  کی مارکیٹ کی صورتحال غیر متوقع طور پر انتہائی نازک ہوجائےگی۔

بیژن نامدار زنگنہ کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے کہ تیل کی فراہمی اس کی مانگ سے زیادہ ہو اور یہ امر تیل کی مارکیٹ میں استحکام لاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمت میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس سے منڈی کی تشویشناک صورتحال ظاہر ہوتی ہے۔

ایران کے وزیر پٹرولیم نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ ایران پرمزید دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں یا کہ امریکہ میں ایندھن کی قیمت میں کمی لانا چاہتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ وینزویلا مشکل صورتحال سے دوچار ہے، روس کیخلاف پابندیاں لگائی گئی ہیں اور امریکہ میں تیل کی پیداوارمیں کمی آئی ہے تو ان سب سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ تیل فراہمی اور اس کی مانگ نازک صورتحال میں ہے اور اگر امریکہ ایران کیخلاف مزید دباؤ ڈالے گا تو تیل مارکیٹ کی صورتحال انتہائی نازک ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سوڈان کی تیل کی مارکیٹ میں کوئی خاص پوزیشن نہیں ہے۔

ٹیگس