پاکستانی وزیراعظم کا تہران میں باضابطہ استقبال
عمران خان تہران کے قیام کے دوران ایران کے صدر سمیت اعلی ایرانی حکام کیساتھ ملاقات کریں گے
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر'حسن روحانی نے اب سے تھوڑی دیر قبل تہران میں واقع تاریخی اور ثقافتی سعدآباد کمپلیکس میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا باضابطہ استقبال کیا.
ایرانی مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے مہمان وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا. عمران خان نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا.
اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے.
عمران خان تہران کے قیام کے دوران ایران کے صدر سمیت اعلی ایرانی حکام کیساتھ ملاقات کریں گے.
اس سے قبل پاکستان کےوزیراعظم عمران خان دورے کے دوسرے مرحلے میں گزشتہ شب تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ پہنچے جہاں ایرانی وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی نے ان کا استقبال کیا۔
اتوار کے روزپاکستان کے وزیراعظم نے مشہد سے اپنے دورے کا آغاز کیا۔
عمران خان کل سہ پہرکوئٹہ سے پہلے ایران کے صوبے خراسان رضوی کے دارالحکومت مشہد مقدس پہنچے جہاں ان کا استقبال گورنر رضا حسینی نے کیا۔
پاکستان کےوزیراعظم سے امام علی رضا (ع) کے مزار کے متولی احمد مروی اور صوبہ خراسان کی قیادت نے ملاقات کی،اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ مزید قریبی تعلقات کا خواہاں ہے۔
عمران خان نے مشہد میں حضرت امام علی رضا کے حرم مطہر پر حاضری دی، زیارت کی،نوافل ادا کئے اورعالم اسلام کی ترقی و خوشحالی کےلئے دعا کی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان یہ دورہ ایرانی صدر کی دعوت پر کررہےہیں جو ان کا ایران کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔