Apr ۲۶, ۲۰۱۹ ۱۱:۲۰ Asia/Tehran
  • اسلامی ممالک کو سعودی جرائم پرخاموش نہیں رہنا چاہیے: آیت اللہ کافی گلپائگانی

اسلامی ممالک کو سعودی جارحیت اور بربریت پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔

قم المقدس میں مرجع تقلید آیت اللہ العظمی صافی گلپائگانی نے سعودی عرب کی سفاک، ظالم و جابر حکومت کے ہاتھوں کئی درجن شیعہ مسلمانوں کی شہادت پر تعزیت اور تسلیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کو سعودی عرب میں مسلمانوں کے قتل عام پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔

آیت اللہ صافی نے کہا کہ اگر چہ سعودی عرب کی سفاک اور ظالم حکومت کے ہاتھوں سعودی عرب کے شیعہ مسلمانوں کی شہادت ان کے لئے عظیم سعادت اور فخر کا باعث ہے لیکن عالمی برادری، انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور انسانی حقوق کا دفاع کرنے والی تنظیموں کے لئےسعودی عرب کے بھیانک اور مجرمانہ جرائم پر خاموشی،  ننگ و عار اور ذلت کا باعث ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کو سعودی عرب کے بھیانک اور سنگین جرائم پر خاموش نہیں رہنا چاہیے بلکہ انھیں مظلوموں کی آواز پر مثبت جواب دینا چاہیے۔

آیت اللہ صافی گلپائگانی نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی اگر مظلوموں پر ظلم و ستم ہورہا ہو تو ہماری اسلامی اور انسانی  ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی حمایت اور مدد کریں اور ہمیں ان پر ہونے والے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کرنا چاہیے۔

دوسری جانب سعودی عرب میں شیعہ مسلمانوں کے قتل عام اور اقلیتوں کو شدید خطرات کے پیش نظر ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سعودی عرب پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب واضح  طور پر انسانی ، اسلامی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب دولت اور طاقت کے نشے میں اقلیتوں میں خوف و ہراس پیدا کررہا ہے اور سعودی عرب میں عدل و انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کیا جاتا اور نہ ہی فرضی ملزمین کو اپنے دفاع کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سعودی عرب میں شیعہ مسلمانوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب شیعہ مسلمانوں کے خلاف پھانسی کی سزا کو سیاسی حربے کے طور پر استعمال کررہا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے دو دن قبل ایک ہی دن میں 37 شہریوں کے سرقلم کئے تھے جن میں 32 شیعہ تھے اور انہیں اپنے دفاع کا موقع بھی فراہم نہیں کیا گیا ۔

ٹیگس