رائٹرز کی خبر من گھڑت ہے، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے محدود مقدار میں تیل کی فروخت کے بدلے ایٹمی معاہدے میں باقی رہنے سے متعلق برطانوی نیوز ایجنسی کی خـبروں کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی کا کہنا تھا کہ صدر ایران نے یورپی سربراہوں کے نام اپنے خط میں تہران کے نظریات اور جائز مطالبات کو واضح طور پر بیان کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پندرہ لاکھ بیرل یومیہ تیل کی فروخت کے بدلے ایٹمی معاہدے میں باقی رہنے سے متعلق رائٹرز کی جاری کردہ خـبر میں کوئی صداقت نہیں پائی جاتی۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس قسم کی من گھڑت اور صداقت سے عاری خبروں کی اشاعت کو غیر تعمیری قرار دیتے ہوئے موجودہ صورتحال میں سنجیدہ سفارت کاری کے لیے ضروری ماحول کو خراب کرنے کی کوشش قرار دیا۔
قابل ذکر ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے آٹھ مئی کو ایٹمی معاہدے کے باقی ماندہ ممالک، روس، فرانس، برطانیہ، چین اور جرمنی کے سربراہوں کے نام ارسال کیے جانے والے مراسلے میں ایٹمی معاہدے کے حوالے سے اپنے وعدوں کی تکمیل کے لیے ساٹھ روز کی مہلت دی تھی۔