May ۱۴, ۲۰۱۹ ۱۹:۲۳ Asia/Tehran
  • مختلف مسائل میں ایران و ہندوستان کے مواقف یکسانیت پائی جاتی ہے، وزیر خارجہ

ایران کے وزیر خارجہ نے نئی دہلی میں ہندوستان کی اپنی ہم منصب سے ملاقات کے بعد اعلان کیا ہے کہ بیشتر مسائل میں ایران اور ہندوستان کے مواقف ایک جیسے ہیں اور ان میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے دارالحکومت نئی دہلی میں ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں اس نشست کو خوشگوار قرار دیا اور کہا کہ اس قسم کے مذاکرات اور تبادلہ خیال، تہران اور نئی دہلی کے تعلقات کے لئے ضروری ہیں۔
محمد جواد ظریف نے کہا کہ اس ملاقات میں ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ایٹمی معاہدے اور اس بین الاقوامی معاہدے سے ایران کے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر تاکید کی جبکہ ایران نے بھی اعلان کیا کہ جوہری شعبے میں اس کے حالیہ اقدامات ایٹمی معاہدے کے دائرے میں رہے ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے علاقے کے بعض مسائل و حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے پہلے ہی اس بات کی پیش گوئی کردی تھی کہ امریکہ کی حکومت میں انتہا پسندوں کی پالیسیوں کے نتیجے تخریبی اقدامات عمل میں لائے جا سکتے ہیں اور وہ ایک طرح سے علاقے میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے توانائی، چابہار بندرگاہ، افغانستان کے حالات اور ایران و ہندوستان کے دو طرفہ تعلقات کو ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں زیر بحث آنے والے موضوعات قرار دیا اور کہا کہ اس نشست میں فریقین نے دو طرفہ تعاون اور تجارتی لین دین کی شرح بڑھائے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران کشیدگی نہیں چاہتا لیکن وہ اپنے دفاع کے لئے ہمیشہ تیار رہا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے نئی دہلی میں ہندوستانی نیوز ایجنسی سے بھی گفتگو کے دوران امریکا کی جنگ پسندانہ پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے ہمیشہ اپنا دفاع کیا ہے اور امریکا بلاسبب ایران کے ساتھ کشیدگی کو بڑھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کشیدگی نہیں چاہتا لیکن اپنے دفاع کے لئے ہرطرح سے تیار ہے۔ انہوں نے اپنے دورہ ہندوستان کے مقاصد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان، ایران کا تجارتی شریک ملک ہے اور مختلف میدانوں میں ایران کے ساتھ ہمارے قریبی تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے درمیان خصوصی مالیاتی سسٹم پہلے سے ہی تیار کیا گیا تھا اور اس سے دونوں ملکوں کے تعاون کے لئے استفادہ کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان ایرانی تیل کے بڑے خریدار ملکوں میں سے ایک ہے۔

ٹیگس