May ۱۶, ۲۰۱۹ ۱۴:۱۹ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیر خارجہ کی ٹوکیو میں جاپانی وزیر اعظم سے ملاقات

ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے ٹوکیو میں جاپان کے وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات میں جامع ایٹمی معاہدے سمیت اہم ترین علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

جاپان کے وزیر اعظم شنزو ایبے نے ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ پر زور اور جامع ایٹمی معاہدے کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے اسے محفوظ رکھنے کے عالمی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا۔
وزیر اعظم شنیزو ایبے نے مشرق وسطی کے علاقے میں پائی جانے والی کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے علاقائی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے ایران کے کردار کو کلیدی قرار دیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اس سے پہلے اپنے جاپانی ہم منصب تارو کونو سے بھی ملاقات کی جس میں جامع ایٹمی معاہدے کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس ملاقات میں امریکہ کی عہد شکنی اور یورپی ملکوں کی جانب سے ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد میں کوتاہی برتنے کے جواب میں ایران کے اعلان کردہ قانونی اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔
بعد ازاں ٹوکیو میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ جاپانی عہدیدارں کے ساتھ ملاقات میں ایران کے خلاف امریکی اقدامات اور جامع ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے جاپانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں علاقائی کشیدگی کم کرنے اور خطے میں امریکہ کے جنگ پسندانہ اقدامات کی روک تھام کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے ایک بار پھر تہران کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے میں جنگ کا خواہاں نہیں لیکن اس نے ہمیشہ پوری قوت کے ساتھ اپنے مفادات کا دفاع کیا ہے اور آئندہ بھی کرے گا۔
ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے بتایا کہ جاپانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایٹمی معاہدے کا پابند ہے اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے ایک بار پھر عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جامع ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے اور اس معاہدے کے تحت ایران کے ساتھ اقتصادی لین دین میں آسانیاں پیدا کرنے کی غرض سے ٹھوس اور موثر قدم اٹھائے۔
قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف اپنے جاپانی ہم منصب کی دعوت پر جمعرات کی صبح ہندوستان کا دورہ مکمل کر کے جاپان پہنچے۔

ٹیگس