May ۲۸, ۲۰۱۹ ۲۰:۰۰ Asia/Tehran
  • سینچری ڈیل کامیاب نہیں ہوسکے گی، ایران

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران امریکی حکام کی لفاظیوں اور بیانات کو اہمیت نہیں دیتا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے ٹوکیو میں جاپانی وزیراعظم ابےشینزو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں ایران کے خلاف بے بنیاد دعوؤں کی تکرار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر دباؤ ڈالنے کا واحد مقصد تہران کو ایٹمی ہتھیاروں تک رسائی سے روکنا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے مضحکہ دعوے میں کہا کہ وہ اقتصادی اعتبار سے ایران کو ایک خوشحال ملک دیکھنا چاہتے ہیں۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے ترجمان کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکی حکام کے لب و لہجے میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ ان کے عمل اور رفتار میں بھی تبدیلی ضروری ہے۔ انہوں نے علاقے کے تعلق سے ایران کی سفارتکاری اور پالیسی کے بارے میں کہا کہ ایران علاقے کے ملکوں کے ساتھ تعلقات میں دوطرفہ سہ فریقی اور حتی پنج فریقی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور وہ اس متوازن عمل کو جاری رکھے گا۔ ترجمان وزارت خارجہ نے ایران کے وزیرخارجہ کی جانب سے عرب ملکوں عدم جارحیت کا معاہدہ کرنے کی تجویز کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ خلیج فارس کے ہمسایہ عرب ممالک ایران کے اہم ترین پڑوسی ہیں اور تہران ان ملکوں کے ساتھ ہر طرح کی کشیدگی اور غلط فہمی کو کم اور حتی ختم کرنا چاہتا ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ سید عباس موسوی نے شام کے بحران کا بھی ذکرکرتے ہوئے کہا ہے  کہ بعض ملکوں سے تہران کی درخواست یہ ہے کہ وہ شام کو اس کے حال پر چھوڑ دیں اور اس بات کا موقع دیں کہ شام کی تقدیر کا فیصلہ اس ملک کی حکومت اور عوام خود کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ شامی حکومت کا جلد یا بدیر پورے ملک پر ایک بار پھر مکمل کنٹرول ہوجائے گا۔

ترجمان وزارت خارجہ نے امریکی صیہونی منصوبے سینچری ڈیل کے بارے میں کہا کہ ہرچندکہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ سینچری ڈیل کا معاملہ کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے گا اور معرض وجود میں آنے سے پہلے ہی مردہ ہوجائے گا لیکن اس سلسلے میں سب کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عالمی یوم القدس کی آمد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ یعنی مسئلہ فلسطین امریکا کی مداخلت اورعلاقے کے بعض ملکوں کی خوش فہمیوں کی وجہ سے ابھی تک حل نہیں ہوسکا ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ ہے کہا کہ اس سال عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں سبھی بیت المقدس کی آزادی کے حق میں نعرے لگائیں گے۔

ٹیگس