Jun ۰۳, ۲۰۱۹ ۱۰:۰۰ Asia/Tehran
  • اللہ کی ذات پر بھروسہ امام خمینیؒ کی کامیابی کا راز

حضرت امام خمینی (رح) نے اسلامی طرز زندگی اور اسلامی حکومت کے قیام کا حقیقی مفہوم پیش کیا۔

بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی علیہ الرحمہ کی کل 30 ویں برسی ہے۔ امام خمینیؒ کا طرہ امتیاز یہ تھا کہ انہوں نے اسلامی طرز زندگی اور اسلامی حکومت کے حقیقی مفہوم کو کتابوں سے نکال کر معاشرے میں نافذ کیا۔ امام خمینی علیہ الرحمہ نے اقوام عالم کو خدائی بصیرت اور حقیقی دشمن کی پہچان اور اس کے مقابلے میں قیام کا درس دیا۔

حضرت امام خمینی انقلابی شخصیت تھے، ان کے اندر عجیب بصیرت پائی جاتی تھی۔ انہوں نے اسلام کا صحیح ادراک کیا اور اپنی ذات کو اس دین میں ڈھال دیا۔ امام خمینی اسلام کی مجسم صورت تھے اور ان کی تحریک عوامی تحریک تھی۔

حضرت امام خمینی (رح) نے دین اسلام کی بنیاد پرانقلاب برپا کیا۔ انقلاب، امت اسلامی کی وحدت کیلئے تمام مذاہب اور اقوام عالم کو غاصبوں کے مقابلے میں اکٹھا کرنا چاہتا ہے۔ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی مسلمانوں کے درمیان تعاون اور دشمن کے مقابلے میں مقاومت کے قائل تھے۔

مغربی مفکرین کی سوچ کیخلاف حضرت امام خمینی نے مدرسے سے انقلاب برپا کیا اور استعماری قوتوں نے کئی بار اس کے خاتمے کے دعوے کئے، مگر اللہ سبحانہ کی نصرت و تائید سے انقلاب ماضی کے مقابلے میں زیادہ طاقت سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔

ایران میں اسلامی انقلاب جو حضرت امام خمینیؒ کی قیادت میں 11 فروری 1979ء کو کامیابی سے ہمکنار ہواتھا اسے 11 فروری 2019ء کو 40 سال پورے ہو گئے۔ جدید تاریخ میں اور بھی انقلاب آئے ہیں لیکن اس انقلاب کو دوسرے انقلابوں سے یقینی طور پر ماہیت اور مقابلے کے اعتبار سے خصوصیت اور انفرادیت حاصل ہے۔ یہ انقلاب امام خمینی (رح) کے بعد اس وقت تک 30 برس گزار چکا ہے، لیکن کہیں تھکا ماندہ دکھائی نہیں دیتا بلکہ ہر روز قدم کچھ آگے بڑھا رہا ہے، دشمن بھی نئے سے نئے جال اور نئے سے نئے حربے آزما رہا ہے لیکن ایرانی قیادت اورعوام ایک پیج پرہیں اوران کا اب بھی یہی نعرہ ہے کہ راہ امام ادامہ دارد یعنی امام خمینی (رح) کا راستہ اور مشن جاری و ساری ہے۔

 

ٹیگس