جوہری معاہدے سے ہٹ کر غیرمتعلقہ امور کی بات کرنے کی مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ جوہری معاہدے سے ہٹ کر غیرمتعلقہ امور کی بات کرنا اس معاہدے کے لئے فائدہ مند نہیں بلکہ اس سے فریقین کے درمیان بد اعتمادی کی فضا میں اضافہ ہوگا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے دفترخارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے فرانسیسی صدر کے حالیہ بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے امریکی صدر کی جانب سے فرانسیسی صدر کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران ایران کے خلاف کئے گئے دعووں کو مسترد کردیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران مخالف پرانے دعوے کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتے۔ موسوی کا کہنا تھا کہ جوہری معاہدے سے امریکہ کی یکطرفہ علیحدگی کے بعد یورپی فریق نے سیاسی بیانات کے علاوہ اب تک کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جن سے ایران کو اس معاہدے کے ثمرات مل سکیں۔ انہوں نے یہ تجویز دی کہ جوہری معاہدے سے ہٹ کر غیرمتعلقہ امور پر بات کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا بلکہ ایسے بیانات سے امریکہ کو اپنے یکطرفہ اقدامات کو جواز دینے کے لئے فائدہ حاصل ہوگا۔