Jun ۱۳, ۲۰۱۹ ۱۹:۳۵ Asia/Tehran
  • مشرق وسطی کی سلامتی ہمارے لئے بے انتہا اہم، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی

صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ مشرق وسطی اور دنیا کی سلامتی ایران کے لیے بے انتہا اہمیت رکھتی ہے۔

 شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے کرغیزستان روانگی سے قبل تہران ایئر پورٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران شروع ہی سے علاقائی امن و سلامتی کی حفاظت کے لیے کوشاں رہا ہے۔
صدر ایران نے کہا کہ ایران نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ ہم  خطے اور ہمسایہ ملکوں کی سلامتی کو کس قدر اہمیت دیتے ہیں۔
 انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس میں بھی خطے کی سلامتی اور تنظیم کے رکن ملکوں کے باہمی تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ اس اجلاس میں وہ ممالک بھی شامل ہیں جن کے ساتھ ایران کے دیرینہ تعلقات ہیں۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں روس اور چین کے ساتھ ایٹمی معاہدے کے حوالے سے صلاح و مشورہ ضروری ہے کیونکہ دونوں ممالک چار جمع ایک گروپ میں بھی شامل ہیں۔
صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے جمعرات کی شام کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
 وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے بعد تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے جائیں گے جہاں وہ کانفرنس برائے ایشیائی تعاون و اعتماد سازی، سی آئی سی اے کے اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔ 

ٹیگس