آئل ٹینکروں میں حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا
ابتدائی تحقیقات کے مطابق بحیرہ عمان میں سفر کرنے والے آئل ٹینکروں میں حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا ہے۔
ایران کے ساحلی صوبے ہرمزگان کے ڈائریکٹر پورٹ اینڈ شپنگ اللہ مراد عفیفی پور نے بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ مذکورہ تیل بردار بحری جہازوں میں آگ فنی خرابی کی وجہ سے لگی تھی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تیل بردار بحری جہازوں کو حادثہ ایران کی حدود میں پیش نہیں آیا جبکہ ان پر جزائر مارشل اور پناما کا پرچم نصب تھا لہذا حادثے کی تحقیقات اور ان کے نتائج کا اعلان کرنا بھی مذکورہ ملکوں کی ذمہ داری ہے۔
ایرانی عہدیدار نے مزید کہا کہ حادثے کا شکار ہونے والے تیل بردار بحری جہازوں کے عملے کے چوالیس ارکان کو ایرانی ریسکیو ٹیموں نے بحفاظت نکال کر جاسک کی بندرگاہ منتقل کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ آگ بجھانے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔