ہندوستان: جے پور اجمیر ہائی وے پر سلینڈروں سے بھرے ٹرک اور کیمیکل ٹینکر میں ٹکر، متعدد دھماکے، ٹینکر ڈرائیور زندہ جَلا
ہندوستان کی ریاست راجستھان میں جے پور اجمیر ہائی وے پر ایل پی جی سلینڈروں سے بھرے ایک ٹرک اور کیمیمکل ٹینکر میں زبردست ٹکر ہوئی جس سے ٹرک میں آگ لگ گئی اور اس میں لدے متعدد سلینڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گئے۔ یہ حادثہ پورے علاقے میں افراتفری کا سبب بن گیا۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق بدھ کی علی الصباح جے پور اجمیر ہائی وے پر اس وقت ایک بھیانک حادثہ ہوگیا جب ضلع جے پور میں چھوٹے سے شہر دو دو کے سنوردہ علاقے کے قریب ایل پی جی سلینڈروں سے بھرے ٹرک سے ایک تیز رفتار کیمیکل ٹینکر آ کر ٹکرا گیا اور ٹرک میں آگ لگ گئی۔ دھماکے اتنے زور دار تھے کہ ان کے نتیجے میں اٹھنے والے شعلے جائے وقوعہ سے کئی کلومیٹر دور تک دکھائی دے رہے تھے اور آواز بھی سنی گئی۔ حادثے میں ٹینکر ڈرائیور کی موت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

رپورٹوں کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ گیس سلینڈروں سے لدا ٹرک سڑک کے کنارے ایک ریستوراں پر کھڑا تھا اور ڈرائیور کھانا کھانے کے لیے رکا ہی تھا کہ پیچھے سے ایک تیز رفتار ٹینکر نے اسے ٹکر مار دی۔
دھماکے سے سلینڈروں کے ٹکڑے آس پاس موجود گاڑیوں پر گرے جس سے ایک درجن سے زیادہ گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور سات گاڑیاں پوری طرح سے جل گئيں۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سے زیادہ سلینڈروں میں آگ لگی جبکہ 120 سلینڈروں کو ٹرک سے نکال لیا گیا۔
راجستھان کے نائب وزیر اعلیٰ پریم چند بیروا نے، جو وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما کی ہدایات کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچے، کہا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں تیزی سے جائے وقوعہ پہنچ گئیں اور ہائی وے پر ٹریفک کو روک دیا گیا جو بعد میں بحال کردیا گیا۔ ابتدائی طور پر آگ کی شدت کی وجہ سے آگ بجھانے والی گاڑیوں کو جائے وقوعہ پر پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا لیکن آگ پر ڈھائی گھنٹے کی سخت مشقت کے بعد قابو پالیا گیا۔