Oct ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۸:۳۰ Asia/Tehran
  • یمنی ڈرون یونٹ کی اسرائیل پر منفرد کارروائی

یمنی فوج نے ایک بار پھر مقبوضہ فلسطین میں غاصب صییہونی حکومت کے اہداف پر حملے کی خبر دی ہے

سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر یحیی سریع نے کہا ہے کہ یمنی ڈرون یونٹ نے ایک منفرد کارروائی میں مقبوضہ علاقوں کے جنوب میں واقع عسقلان میں صہیونی دشمن کے صنعتی علاقے کو نشانہ بنایا ہے۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ آپریشن کئی ڈرونز کے ذریعے، فلسطین اور لبنان کے عوام کے دفاع اور مزاحمت کی حمایت میں کئے گئے اور خدا کے فضل سے ڈرون نے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

یحیی سریع نے کہا کہ یمن کی مسلح افواج غزہ اور لبنان میں صیہونی دشمن کے جرائم کے جواب میں اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھیں گی اور یہ آپریشن اسی وقت رکے گا جب لبنان اور غزہ پر حملے بند ہوں گے اور اس علاقے کا محاصرہ ختم کیا جائے گا-

یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے پیر کی شب اعلان کیا کہ بحیرہ احمر، بحیرہ عمان اور آبنائے باب المندب میں تین کارروائیاں انجام دیں۔

یحیی سریع نے یہ بھی کہا کہ یمن کی مسلح افواج نے پہلی کارروائی میں جنوبی بحیرہ عمان میں دو ڈرونز سے ایس سی مونٹریل "SC MONTREAL" نامی جہاز کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوسری کارروائی میں بحیرہ عمان میں کروز میزائل کے ذریعے "میرسک کاولون" «MAERSK KOWLOON» جہاز کو نشانہ بنایا گیا۔

یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ یمن کی مسلح افواج نے بحیرہ احمر اور باب المندب میں بھی "موتارو" «MOTARO» جہاز کو بھی کئی بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

ٹیگس