Dec ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۷ Asia/Tehran
  • ایران نے آبنائے ہرمز میں جہازرانی کی سلامتی کو ہمیشہ اہمیت دی ہے، ایرانی نائب وزیر دفاع

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر دفاع نے پوری دنیا کے لئے بحیرۂ عمان اور آبنائے ہرمز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں جہازرانی کی سلامتی کو ہمیشہ اہمیت دی ہے اور خود کو اس اہم آبی گزرگاہ میں امن وسلامتی قائم رکھنے کا پابند سمجھا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: عمان کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے سربراہ احمد بن سالم باعمر نے ایران کے نائب وزیر دفاع بریگیڈیر سید مہدی فرحی سے تہران میں ملاقات کی۔ ایران کے نائب وزیر دفاع نے اس ملاقات میں کہا کہ بحیرۂ عمان اور آبنائے ہرمز صرف ایران اور عمان کے لئے ہی اہمیت نہیں رکھتے بلکہ پوری دنیا کے لئے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔

ایران کے نائب وزیر دفاع نے اسی کے ساتھ کہا کہ اس علاقے میں امن و سلامتی کا قیام علاقائی ملکوں کی مشترکہ مساعی سے ہی ممکن ہے اور علاقے سے باہر کی افواج کی موجودگی امن و سلامتی میں کوئی مدد نہیں کرسکتیں بلکہ حالات کے پیچیدہ ہونے کے اسباب فراہم کریں گی۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر دفاع بریگیڈیر سید مہدی فرحی نے غزہ پر صیہونی حکومت کے حملوں، جنگی جرائم اورمظلوم فلسطینی عوام کے قتل عام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کے ہاتھوں بیس ہزار بے گناہ عام شہریوں کا قتل عام امریکا کی ہمہ گیر حمایت اور بین الاقوامی اداروں کی خاموشی سے ہی ممکن ہوسکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے لئے سلامتی کونسل کی قرار داد کو ویٹو کرنا غزہ پر وحشیانہ حملے جاری رکھنے میں امریکا کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت کی ہمہ گیر حمایت کا ایک اور ثبوت ہے۔

 

ٹیگس