Oct ۰۸, ۲۰۲۵ ۱۱:۳۲ Asia/Tehran
  • طوفان الاقصی نے صہیونی حکومت کا اصلی چہرہ بے نقاب کردیا، حزب اللہ

حزب اللہ نے طوفان‌ الاقصی کی دوسری سالگرہ پر کہا کہ فلسطینی مقاومت کی کارروائی نے صہیونی حکومت کے جرائم اور غیر انسانی چہرے کو بے نقاب کردیا۔

سحرنیوز/عالم اسلام:  حزب اللہ لبنان نے طوفان‌ الاقصی آپریشن کی دوسری سالگرہ کے موقع پر ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ تاریخی کارروائی صہیونی حکومت کے حقیقی چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کا نقطۂ آغاز ثابت ہوئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ طوفان‌الاقصی کی دوسری سالگرہ کے موقع پر حزب اللہ فلسطینی عوام کے ساتھ تجدیدِ عہد کرتی ہے کہ وہ اس ثابت قدم، صابر اور مصائب سے آشنا قوم کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ وہ قوم جس نے عزت و کرامت کا اعلیٰ ترین نمونہ دنیا کے سامنے پیش کیا۔

حزب اللہ نے اس بات پر زور دیا کہ طوفان الاقصی کا مقدس معرکہ آغاز ہی سے صہیونی حکومت کی غیر انسانی فطرت کو آشکار کرچکا ہے۔ یہ وہ حکومت ہے جو انسانی اقدار سے خالی ہے، امریکہ کی پشت پناہی سے تمام عالمی قوانین، قراردادوں اور انسانی اصولوں کو پامال کرتی ہے، اقوام اور ممالک کی خودمختاری کو روند ڈالتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ خطے کا امن، استحکام اور مستقبل اس بات سے وابستہ ہے کہ عرب و اسلامی ممالک متحد ہوکر ایک صف میں کھڑے ہوں اور مقاومت کی حمایت کریں۔ کیونکہ یہ دشمن صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے۔ امتِ مسلمہ کو جان لینا چاہیے کہ یہ غاصب حکومت امت مسلمہ کے قلب میں خنجر کی مانند ہے، ایک خبیث کینسر کا پھوڑا ہے جسے اس سے پہلے کہ پھیل جائے، جڑ سے اکھاڑنا ضروری ہے۔

حزب اللہ نے سید حسن نصراللہ، ہاشم صفی الدین اور دیگر شہداء کی راہ پر چلنے کے عزم کا اظہار کیا، اور فلسطینی عوام، تمام مزاحمتی تحریکوں، اور ان تمام اقوام کو سلام پیش کیا جنہوں نے غزہ کی حمایت کی جن میں ایران، یمن، عراق اور دنیا بھر کے آزادی پسند شامل ہیں۔

حزب اللہ نے فلسطینی مزاحمت کے تمام گروہوں اور ان بہادر مجاہدین کو بھی سلام پیش کیا جو اس افسانوی جنگ میں زمین کے سب سے سرکش طاغوت سے نبرد آزما ہیں۔

بیان کے اختتام پر حزب اللہ نے تاکید کی کہ یہ عظیم معرکہ تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔ ایک ایسی قوم کا قیام جس نے غاصب قابض کے خلاف جھکنے سے انکار کیا، جنگ کی، قربانی دی، ثابت قدمی دکھائی۔ خدا کے اذن سے فلسطینی قوم فتح یاب ہوگی۔ فلسطین کی سرزمین مکمل طور پر اپنے اصل وارثوں کو واپس ملے گی۔

ٹیگس