Jun ۲۴, ۲۰۱۹ ۱۵:۲۲ Asia/Tehran
  • امریکی پابندیاں بین الاقوامی تعاون کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں، وزیر خارجہ محمد جواد ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا کے خودسرانہ اقدامات اور پابندیاں انسداد منشیات کے میدان میں بین الاقوامی تعاون کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔

وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے منشیات کے خلاف مہم کے عالمی دن کی مناسبت سے  پیر کو تہران میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور بعض مغربی ممالک، انسداد منشیات کی راہ میں رکاوٹوں اور اس کے خطرناک نتائج کے ذمہ دار ہیں-

انہوں نے کہا کہ امریکا کی پابندیاں، اس کے خودسرانہ اقدامات اور ایرانی عوام کے خلاف امریکی حکام کی اقتصادی دہشت گردی، بین الاقوامی سطح پر انجام پانے والے تعاون خاص طور پر منشیات کے خلاف عالمی مہم میں بڑی رکاوٹ ہے-

انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ انسداد منشیات کے میدان میں ایران کا پختہ عزم، ہر طرح کے سیاسی اقدامات اور من مانی پالیسوں سے اجتناب اور بین الاقوامی تعاون پر توجہ دینے پر استوار ہے، کہا کہ جیسا کہ خود اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ایران آج منشیات کے خلاف جنگ کا علمبردار ہے-

انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف مہم میں اسلامی جمہوریہ ایران کے غیر معمولی اقدامات اور بے شمار مادی اور معنوی قربانیاں دنیا کو منشیات سے پاک کرنے کی راہ میں موثر قدم کے طور پر دیکھی جا رہی ہیں-

  وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران نے منشیات کے خلاف جنگ میں آٹھ ہزار آٹھ سو سے زیادہ اپنے سیکورٹی جوانوں کی قربانیاں پیش کی ہیں جبکہ بارہ ہزار دیگر سیکورٹی جوان زخمی ہوئے ہیں-

ان کا کہنا تھا کہ اس ناقابل تلافی نقصان کے علاوہ ایران، منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے اور منشیات کے خلاف مہم پر تین سو ملین ڈالر سالانہ خرچ کرتا ہے۔

ٹیگس