ایران کے خلاف اقتصادی پابندیوں کی وجہ ترقی و پیشرفت کو روکنا ہے: سپاہ پاسداران
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اقتصادی پابندیوں کی اصلی وجہ فوجی ہتھیار نہیں بلکہ سائنسی ترقی و پیشرفت کو روکنا ہے.
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈربریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے مشہد میں کہا کہ امریکی پابندیوں کا مقصد جوہری ہتھیار کی دستیابی نہیں اوروہ جانتے ہیں کہ ہم جوہری ہتھیاروں کے درپے نہیں ہیں مگر ان کا اصلی مقصد ایران میں سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی و پیشرفت کو روکنا ہے کیونکہ وہ اس بات سےواقف ہیں کہ علم ایک قوم کے اقتدار کا محور ہے.
انہوں نے کہا کہ دشمن خوب جانتا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی کے فتوے کی روشنی میں ایران میں جوہری ہتھیار کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے.
جنرل حسین سلامی نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے ہمیں بتا دیا کہ طاقتور ہونے کے لئے سائنس میں پیشرفت ضروری ہے اور ہمارے سائنسدانوں کا قتل اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ دشمن ایرانی سائنسی ترقی کے خلاف ہے.
انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد ایران پر پابندیاں عائد کی گئیں تو اس وقت ہم نے پیداوار کی جانب توجہ دی اور آج ہم اس سطح پر پہنچ چکے ہیں کہ دشمن ہمارے خلاف اپنے اقدامات میں کمی لانے پر مجبور ہوا ہے۔