امریکہ، برطانیہ کو ڈبو نا چاہتا ہے : جوادظریف
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن برطانیہ کو دلدل میں پھنسوانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ جان بولٹن جو صدی کی جنگ میں داخل ہونے کے لئے ٹرمپ کو دھوکہ دینے میں ناکام ہوئے ہیں اور بی ٹیم کی تباہی کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں، اپنی اس ناکامی کی وجہ سے برطانیہ پر کاری ضرب لگانے کے درپے ہیں اور برطانیہ کو دلدل میں پھنسوانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ صرف مناسب حکمت عملی کے ذریعے اس طرح کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحری فورس کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنےایک بیان میں کہا کہ ایران نے جمعہ کے روز آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر stena impero کو بین الاقوامی سمندری قوانین کی خلاف ورزی کی بدولت اور صوبے ہرمزگان کے شپنگ اینڈ پورٹس کے ادارہ کی درخواست کی بناپر اپنی تحویل میں لیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تحویل میں لیے گئے برطانوی آئل ٹینکر کو ساحل پر منتقلی کے بعد قانونی تحقیقات کیلئے ہرمزگان کے شپنگ اینڈ پورٹس ادارہ کا حوالہ کر دیا گیا ہے۔