Jul ۲۴, ۲۰۱۹ ۱۵:۰۹ Asia/Tehran
  • سینچری ڈیل منصوبہ بدنیتی پر مبنی ہے، ایرانی مندوب

اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے کہا ہے کہ امریکہ کا ناپاک سینچری ڈیل منصوبہ بدنیتی پر مبنی اور غیر حقیقت پسندانہ ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے مندوب اسحاق آل حبیب نے سینچری ڈیل منصوبے کو اسرائیل کی غیر مشروط حمایت اور جابنداری کا کھلا ثبوت قرار دیا۔
 انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پوری فلسطینی قوم کی امیدوں اور امنگوں، عزت و شرف اور ان کی سرزمین کے سودے کا منصوبہ ہے تاہم تمام فلسطینی تنظیموں اور جماعتوں نے اس ناپاک منصوبے کو مسترد کر دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب نے کہا کہ سینچری ڈیل کا اصل مقصد اقتصادی صورتحال کی بہتری کی آڑ میں اسرائیلی قبضے کو قانونی شکل دینا ہے لہذا ساری دنیا کو اس غیر منصفانہ اقدام کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیے۔
 اسحاق آل حبیب نے بڑے واشگاف الفاظ میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، امریکہ کی جانب سے اسرائیل کی غیر مشروط حمایت کے وجہ سے، سرزمین فلسطین پر صیہونی حکومت کا غاصبانہ قبضہ ختم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔
انہوں نے فلسطینیوں کی سرکوبی کی غرض  سے اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات، توسیع پسندانہ پالیسیوں اور ناجائز مفادات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے محاصرے کو ایک عشرہ ہو گیا اور اس علاقے کو بڑے زندان میں تبدیل کر دیا گیا ہے جو اسرائیل کے ظلم و بربریت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے یہ بات زور دے کر کہی کہ بیت المقدس صرف اور صرف فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہے۔
 انہوں نے کہا کا بچوں کی قاتل صیہونی حکومت کو جھوٹے پروپیگنڈے اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں اور مجرمانہ اقدامات سے باز آجانا چاہیے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف اپنے ایک ایک جرم کا حساب چکانا پڑے گا۔
دوسری جانب عالمی امور میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے مشیر نے کہا ہے کہ دشمنوں نے ناجائز مطالبے کے مقابلے میں مزاحمت ہی واحد راستہ ہے۔
تہران میں حماس کے نائب سربراہ صالح العاروری سے بات چیت کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ ایران اور فلسطین کے درمیان موثر اور با مقصد تعلقات قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ بلا شبہ عالم اسلام کا بنیادی مسئلہ  ہے اور اس سرزمین کی رہائی کے معاملے پر اسلامی دنیا کے درمیان اتحاد و یکجہتی پیدا کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔
 ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے واضح کیا کہ فلسطین کا معاملہ کافی نشیب و فراز سے ضرور گزرا ہے لیکن تحریک مزاحمت کی بدولت اسے نابود نہیں کیا جا سکا ہے۔
حماس کے نائب سربراہ صالح العاروری نے اس موقع پر صہیونی دشمن کے مقابلے میں فلسطینیوں اور تحریک مزاحمت کے لیے ایران کی بھرپور حمایت کی قدر دانی کی۔
اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کا اعلی سطحی وفد تنظیم کے نائب سربراہ صالح العاروری کی قیادت میں ایران کے حکام سے ملاقات اور گفتگو کی غرض سے تہران کے دورے پر ہے۔

ٹیگس