Jul ۳۱, ۲۰۱۹ ۱۲:۲۸ Asia/Tehran
  • یورپ کو چاہیے کہ وہ تیل اور بینکنگ لین دین  سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل کرے

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرنے اپنے فرانسیسی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں کہا کہ ایران، خلیج فارس میں پُرامن اور آزاد جہازرانی کا سب سے اہم محافظ ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے فرانس کے صدر امانوئل مکرون  سے منگل کی رات ہونے والی ٹیلی فونک گفتکو میں  کہا کہ ایران جوہری معاہدے سے امریکی علیحدگی کے بعد یورپ کی جانب سے نہ صرف کوئی سنجیدہ اقدام دیکھنے میں نہیں آیا بلکہ بعض یورپی کمپنیوں نے امریکی پابندیوں کی پیروی کرتے ہوئے ایران میں اپنی سرگرمیوں کو روک دیا۔

ایران کے صدر نے مزید کہا کہ ایران کیخلاف امریکی معاشی دہشتگردی بالخصوص عام لوگوں کوضروری اشیاء کی فراہمی کیلئے مشکلات سے دوچار کرنا ایک غیر انسانی اقدام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے جوہری معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل کرنا، جبکہ دوسرے فریقین کی جانب سے اپنے وعدوں پر عمل درآمد نہ کرنا ایرانی عوام  کیلئے ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے علاقائی اور غیر علاقائی تعلقات  اور امن و استحکام پر امریکہ کے اشتعال انگیر اقدامات کے منفی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، خلیج فارس، بحیرہ عمان اور آبنائے ہرمز میں پُرامن اور آزاد جہازرانی کا اہم محافظ ہے۔

 صدر مملکت نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ یورپ نے گزشتہ ایک سال کے دوران میں اپنے وعدوں پر عمل کرنے اور ایران کیساتھ تعاون کرنے کے حوالے سے بہت سے مواقع کو  ضائع کیا۔

صدر روحانی نے مزید کہا کہ امریکہ کو اپنےشرانگیز اقدامات سے کچھ حاصل نہیں ہوگا اور امریکہ کے اس قسم کے اقدامات کا تسلسل نقصان دہ ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ  اسلامی جمہوریہ ایران، خطے میں کشیدگی پیدا کرنے کا آغاز کرنے والا نہیں تھا اور نہیں ہوگا  تاہم ہر قسم کےاشتعال انگیر اقدامات کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ اپنے مفادات کا دفاع کرے گا۔

صدر روحانی نے خطے کے مسائل کے حل کے حوالے سے فرانسیسی صدر کی کوششوں کے تناظر میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، انصاف پر مبنی طریقہ کار اور تعمیری مذاکرات کے حوالے سے ہر  قسم کی تجویز کا خیر مقدم کرے گا۔

 اس موقع پر فرانس کے صدر نے ایرانی صدر کے خصوصی مشیر کے حالیہ دورہ فرانس کو تعمیری اور مثبت قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کا ملک ایران جوہری معاہدے کے تحفظ اور دیگر ممالک کے ساتھ ایران کے تجارتی تعلقات کی بحالی کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی پابندیوں کے باوجود یورپ، ایران کے ساتھ  تجارتی تعلقات کی بحالی کے لئے ایک مناسب حل نکالنے کے در پے ہے ۔

ایمانوئل میکرون نے کہا کہ ایران اور فرانس کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد پر مبنی ہیں لہذا ہمیں اس مشکل صورتحال کو پس پشت ڈالنے کیلئے اپنی تمام تر کوششوں سے مناسب اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے ایران مخالف امریکی پابندیوں کو یکطرفہ اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کیلئے باہمی تعاون کے فروغ پر زور دیا۔

ٹیگس