جواد ظریف تمام ایرانی قوم کی نمائندگی کرتے ہیں: صدر روحانی
ایران کے صدر نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی تمام عوام سے متعلق ہے اور وزیر خارجہ محمد جواد ظریف غیرملکی اور خارجہ پالیسی میں ایرانی عوام کی نمائندگی کرتے ہیں.
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نےمحمد جواد ظریف کی خدمات کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ خارجہ پالیسی کا مطلب یہ ہے کہ پوری قوم اورملک ایک پیج پر ہیں اور ہماری خارجہ پالیسی ایک مخصوص گروپ سے متعلق نہیں بلکہ تمام ایرانی عوام سے متعلق ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایک قوم یکجہتی اور باہمی اتحاد و تعاون سے طاقتور ہوتی ہے۔
اس سے قبل سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی نے بھی وزارت خارجہ میں جواد ظریف کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے دوران ان کی خدمات کی قدردانی کی.
یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی وزارت خزانہ نے ایران کے خلاف اپنی دشمنانہ پالیسیوں کے تسلسل میں جمعرات کی رات ایرانی وزیر خارجہ کے نام کو اپنی پابندیوں کی فہرست میں قراردیاتھا۔