ایران کے جدید ترین ہتھیاروں کی رونمائی
Aug ۰۸, ۲۰۱۹ ۱۵:۲۴ Asia/Tehran
ایرانی ماہرین کے تیار کردہ جدید ترین گائیڈنس سسٹم سے لیس یاسین اور بالابان نامی بم اور اسی طرح اپ گریڈ قائم نامی گائیڈڈ بم کی تہران میں رونمائی ہوئی۔
تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر دفاع امیر حاتمی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی نظام میں اپنے ملک کے وقار اور اقتدر اعلی کے تحفظ کے ایک وسیلے کی حیثیت سے دفاعی طاقت کا تحفظ اور اس میں اضافہ، غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران بھی اس مہم سے ہرگز غافل نہیں رہ سکتا۔
انھوں نے بالابان گائیڈڈ بم کی خصوصیات بتاتے ہوئے کہا کہ گائیڈنس سسٹم اور پروں کو سمیٹنے کی صلاحیت کے ساتھ اس بم کو جدید طریقے سے تیار کیا گیا ہے تاکہ اس کی دور مار توانائی میں اضافہ کیا جا سکے۔
انھوں نے یاسین بم کے بارے میں بھی بتایا کہ یہ گائیڈڈ بم پچاس کلو میٹر کی دوری سے چھوڑا جا سکتا ہے جو گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے اور یہ دونوں ہی بم اپنے اہداف کو صحیح طرح سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان کو ہر طرح کے موسم میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
بریگیڈیئر امیر حاتمی نے قائم اپ گریڈ بم کی بھی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس بم کو ہر قسم کے ڈرون طیاروں، جنگی طیاروں اور اور ہیلی کاپٹروں میں نصب کیا جا سکتا ہے۔