امریکا اور یورپ دنیا میں منشیات کے استعمال میں اضافے کے ذمہ دار
ایران کے اینٹی نارکوٹک بورڈ کے سیکریٹری جنرل اسکندر مومنی نے کہا ہے کہ براعظم امریکا اور یورپ کے بعض ملکوں کی پالیسی نے دنیا میں منشیات کے استعمال کو بڑھاوا دیا ہے۔
ایران کے اینٹی نارکوٹک بورڈ کے سیکریٹری جنرل اسکندر مومنی نے ہفتے کو ایک پریس کانفرنس میں منشیات کے استعمال کو بڑھاوا دینے کے لئے براعظم امریکا اور یورپ کے بعض ملکوں کے اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض ملکوں نے کچھ نشیلے مادوں کے استعمال کو آزاد کر دیا ہے جس کی وجہ سے منشیات کی پیداوار اور منشیات کے عادی افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے-
انہوں نے کہا کہ ان ملکوں کا یہ فیصلہ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ نے بارہا انسداد منشیات کے میدان میں ایران کی شاندار کارکردگی کی تعریف کی ہے-
ایران کے اینٹی نارکوٹک بورڈ کے سیکریٹری جنرل نے دنیا میں منشیات کے استعمال کی شرح کے بارے میں اقوام متحدہ کی رپورٹ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ کے مطابق پوری دنیا میں دو سو اسّی ملین افراد منشیات کا استعمال کرتے ہیں جن میں سالانہ ساڑھے چار لاکھ افراد منشیات کے استعمال کی وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں-
اسکندر مومنی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اٹھائیس ملین افراد امریکا میں منشیات کا استعمال کر رہے ہیں جن میں سالانہ سترہزار افراد منشیات کے استعمال کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔