ایران کے صدر ترکی کے دارالحکومت انقرہ پہنچ گئے
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ایک اعلی سطحی سیاسی اور اقتصادی وفد کی قیادت میں ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں منعقدہ سہ فریقی سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے ترکی پہنچ گئے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردوغان" کی باضابطہ دعوت پر ایران، روس اور ترکی کے سہ فریقی سربراہی اجلاس کے پانچویں دور میں شرکت کریں گے۔
اس اجلاس میں روس کے صدر ولادیمیر پوتین ،ایران کے صدر حسن روحانی اور ترک صدر اردوغان شرکت کریں گے۔ سہ فریقی اجلاس میں باہمی تعلقات کے علاوہ شام میں قیام امن کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا جائےگا۔
نائب ایرانی صدر برائے تعلقات عامہ پرویز اسماعیلی کے مطابق، ایران، ترکی اور روس کے صدور آستانہ امن عمل سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر روحانی اس اجلاس کی سائڈ لائن میں ترکی اور روس کے صدور کیساتھ الگ الگ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ ترکی میں سہ فریقی سربراہی اجلاس آج 16 ستمبر بروز پیر کومنعقد ہو رہا ہے۔ سہ فریقی سربراہی اجلاس، آستانہ امن عمل کے حوالے ان تین ممالک کیجانب سے ہونے والی کوششوں کے سلسلے میں ہے۔