ایران و آرمینیا کے اقتصادی تعلقات کے فروغ پر تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران اور آرمینیا کے صدور نے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کے فروغ پر تاکید کی ہے۔.
پارس ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرحسن روحانی نےاپنے آرمینی ہم منصب آرمن سرکسیان کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں تہران و ایروان کے درمیان دیرینہ تاریخی اور ثقافتی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبوں سمیت سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا نہایت اہم ہے.
صدرمملکت حسن روحانی نے کہا کہ پڑوسی ممالک سمیت آرمینیا کے ساتھ کثیرالجہتی تعلقات کو فروغ دینا ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ایران کے صدر نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور تاریخی تعلقات کو پائیدار تعلقات کے لئے ایک مناسب موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور آرمینیا توانائی، ٹرانزٹ، نقل و حمل، سیاحتی اور صنعتی شعبوں میں اعلی صلاحیتوں کے مالک ہیں اور ان سے دونوں ممالک کےعوام فائدہ اٹھاسکتے ہیں.
صدرمملکت حسن روحانی نے کہا کہ ہم آرمینیا کے ساتھ تکنیکی، انجینئرنگ، ڈیم بنانے اورتوانائی کے شعبے میں اپنے تجربات کے تبادلے کیلئے آمادہ ہیں.
آرمینیا کے صدر نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ کثیرالجہتی تعلقات بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس ملک کے ساتھ اقتصادی، صنعتی، توانائی اور ماحولیاتی شعبوں میں باہمی تعاون کے لئے تیار ہیں.
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرحسن روحانی پیر کے روز آرمینی وزیر اعظم نیکول پاشینیان کی با ضابطہ دعوت پر یوریشن اقتصادی یونین کے اجلاس میں شرکت کیلئے دارالحکومت ایروان پہنچے۔