Oct ۲۰, ۲۰۱۹ ۰۸:۵۰ Asia/Tehran
  • اربعین حسینی، عالم اسلام کی یکجہتی اور اتحاد کا مظہر

ایران کے سنیئر نائب صدر نے اربعین حسینی کوعالم اسلام کی دوستی، یکجہتی اور اتحاد کا مظہر قراردیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے سنیئر نائب صدر اسحاق جہانگیری نے عراق کے وزیر اعظم سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے اربعین کے موقع پرحسینی زائرین کی شاندار میزبانی پر عراقی عوام ، حکومت اور مراجع عظام کا شکریہ ادا کیا ۔ اس کے علاوہ اسحاق جہانگیری نے نجف اشرف کے گورنر لؤی الیاسری کےساتھ ملاقات کے دوران گفتگو میں دونوں ممالک اور قوموں کے درمیان مستحکم روابط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کربلا میں اربعین حسینی کے مراسم عزاداری میں کروڑوں عاشقان امام حسین(ع) کی شرکت دنیائے اسلام کی دوستی، یکجہتی اور اتحاد کا مظہر ہے۔

انہوں نے عراقی حکومت اور قوم کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے فروغ کے لیے اربعین پیدل مارچ  کی اہمیت پر زور دیا۔

اسحاق جہانگیری نے کہا کہ ایرانی حکومت اربعین پیدل مارچ کی رکاوٹوں اور مسائل کو دور کرنے کے لیے کسی بھی کوششں سے دریغ نہیں کرے گی۔

اس موقع میں نجف اشرف کے گورنر نے کہا کہ یہ ہمارے لئے  فخر کی بات ہے ہم حضرت امام حسین(ع) کے زائرین کے میزبان ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کےتعلقات کی مزید مضبوطی کے لیے اربعین حسینی کے موثر کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایران اور عراق کے درمیان سفارتی تعلقات کے فروغ کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہوگا۔

واضح رہے کہ اسحاق جہانگیری ایک وفد کی قیادت میں  کل صبح نجف اشرف پہنچے۔

 

ٹیگس