ایرانی عوام امریکہ کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار: حسن روحانی
ایران کے صدر نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ایرانی عوام نے حالیہ برسوں میں اپنی عزت و سربلندی کے ساتھ قیام کیا کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی کبھی بھی ایران کے عوام کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کر سکتے۔
ایوان صدر کے پریس ڈپارٹمینٹ سے موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے سنیچر کی رات تہران میں دفاع مقدس کے ایک جانباز عادل کریمی گیوی سے ملاقات کی جو جنگ کے دوران ستر فیصد تک معذور ہیں ۔ صدر مملکت نے اس ملاقات میں کہا کہ دفاع مقدس کے دوران ملت ایران نے اپنی عزت و عظمت کا بخوبی تحفظ کیا ہے اور امریکہ اور اس کے اتحادی کبھی بھی ایرانیوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کر سکتے۔
صدر مملکت نے دفاع مقدس کے شہدا کے اہل خاندان ، جانبازوں اور معذوروں سے ملاقات میں یاد دہانی کرائی کہ جنگ کے دوران شہید ہونے والوں ، اپنی جان کی بازی لگانے والوں اور قربانیاں پیش کرنے والوں کا دفاع مقدس کے دوران دشمنوں کے مقابلے میں ملت ایران کی کامیابیوں میں بہت بڑا حصہ ہے ۔اسلامی جمہہوریہ ایران کے صدر نے ایران کے خلاف علاقے میں امریکہ ، صیہونی حکومت اور سعودی حکومت کی سازشوں اور دباؤ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملت ایران ، ہر طرح کے دباؤ کے سامنے پوری طاقت سے ڈٹی ہوئی ہے ۔