سلطان عرب و عجم حضرت امام رضا (ع) کی شہادت پر ایران سیاہ پوش و عزادار
دارالحکومت تہران،مشہد مقدس اور ایران کے دیگر شہروں میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہےجو آج رات دیر گئے تک جاری رہے گا۔
مشہدالرضا سمیت ایران بھر میں آج فرزند رسول حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر ایران کے کونے کونے میں مجالس عزا کا انعقاد جاری ہے اور جلوس ہائے عزا برآمد کیے جارہے ہیں۔ مشہد مقدس میں جہاں امام علی ابن موسی رضا علیہ السلام کا روضہ ہے، دسیوں لاکھ ملکی اور غیر ملکی زائرین موجود ہیں اور امام رؤوف کے غم میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کر رہے ہیں۔
کئی لاکھ زائرین صوبہ خراسان رضوی اور اس کے اطراف کے شہروں سے کئی دن کی پیدل مسافت طے کرکے بارگاہ رضوی میں حاضر ہوئے ہیں۔
بارگاہ حضرت امام رضا علیہ السلام میں موجود ہمارے نمائندے کے مطابق روضہ پاک کے تمام صحن، راہداریاں اور رواق، عاشقان اہلبیت عصمت و طہارت سے بھرے ہوئے ہیں اور ہر طرف سے گریہ و زاری اور دعا و مناجات کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
دارالحکومت تہران، مقدس شہر قم اور ایران کے دیگر شہروں میں بھی امام رؤوف ، شمس الشموس حضرت امام رضا علیہ السلام کی یوم شہادت کے موقع پر مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف علاقوں سے جلوس ہائے عزا بھی برآمد کیے جا رہے ہیں۔
سحرعالمی نیٹ ورک غم و اندوہ کے اس موقع پراپنے تمام سامعین، ناظرین اور کرم فرماوں کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔