ایرانی عوام بلوائیوں کے خلاف سڑکوں پر نکل پڑے
Nov ۱۹, ۲۰۱۹ ۱۸:۴۵ Asia/Tehran
ایرانی عوام نے ریلیاں نکال کر بلوائیوں کے پرتشدد اقدامات کی مذمت کی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے شہر تبریز اور شہر کرد کے عوام نے ان ریلیوں میں امریکہ مردہ آباد، اسرائیل مردہ آباد، بلوائی مردہ آباد کے نعرے لگائے اور رہبر انقلاب اسلامی کی حمایت کا اعلان کیا۔
مغربی ایران کے شہر کرد کے عوام نے ریلیاں نکال کر ملک کے حالیہ واقعات میں بلوائیوں اور شرپسندوں کے اقدامات سے نفرت و بیزاری کا اعلان کیا۔
شمال مغربی ایران کے شہر زنجان کے عوام نے بھی پیر کو اسی طرح کی ریلیاں نکالی تھیں اور بلوائیوں کے اقدامات کی مذمت کی تھی۔
ایران میں جمعے کی صبح سے پیٹرول کی قیمتوں میں اصلاحات پر عمل درآمد کے خلاف بعض شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔ زیادہ تر شہروں میں یہ مظاہرے پرامن تھے لیکن بعض مقامات پر بدمعاشوں اور اوباشوں نے عوامی مظاہروں سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے پرتشدد بنا دیا۔
وائٹ ہاؤس نے اتوار کو اپنے ایک مداخلت پسندانہ بیان میں ایران کے خلاف اپنے بے بنیاد دعؤوں کو ایک بار پھر دہرایا اور بلوائیوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اتوار کو اپنے درس خارج میں تیل کی قیمتوں میں اصلاح کے پروگرام پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد پیش آنے والے واقعات کے بارے میں فرمایا کہ یقینا بعض لوگوں کو اس فیصلے سے تشویش ہے تاہم تخریبی کارروائیاں اور آتش سوزی عوام کا نہیں، شرپسندوں کا کام ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے تاکید کے ساتھ فرمایا تھا کہ انقلاب مخالفین اور ایران کے دشمن ہمیشہ اس قسم کی تخریبی کارروائیوں اور بدامنی کی حمایت کرتے ہیں اور اب بھی وہی کر رہے ہیں۔