پرامن ایٹمی پروگرام کے خلاف دشمنوں کی سازشیں ناکام: حسن روحانی
ایرانی عوام نے دشمن کی اقتصادی پابندیوں کو استقامت اور پائیداری کے ساتھ ناکام بنادیا ہے ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے جو اعلی سطحی وفد کے ہمراہ ملائیشیا میں اسلامی ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی غرض سے کوالالمپور کے دورے پر ہیں ملائشیا میں مقیم ایرانیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف اقتصادی پابندیاں جاری نہیں رہ سکتیں اور ایران نے امریکہ کے زیادہ سے زیادہ دباؤ کو مواقع میں تبدیل کردیا ہے۔
صدر روحانی نے کہا کہ ایران کی حکومت نے دنیا پر ثابت کردیا کہ ہم دوسرے ممالک کے ساتھ مسائل اور مشکلات کو مذاکرات کے ذریعہ حل کرسکتے ہیں اور ایران کا ایٹمی پروگرام پر امن مقاصد اور بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کے قوانین کے مطابق ہے اور ہم نے ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے خلاف دشمنوں کے تمام پروپیگنڈوں کو مذاکرات کے ذریعہ ناکام بنادیاہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم نے مشترکہ ایٹمی معاہدے میں دنیا کی 6 بڑی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات کئے اور مذاکرات میں کامیاب بھی ہوئے لیکن امریکہ کے یکطرفہ انخلا کے بعد بھی ہم اپنے عہد پر باقی رہے اورعالمی سطح پر امریکی امیج متاثر ہوا اور اب دنیا میں کوئی بھی امریکی پروپیگنڈے کو ماننے کے لئے تیار نہیں ہے۔
صدر روحانی نے کہا کہ آج ایران، دفاعی میدان میں پیشرفت کی سمت گامزن ہے اور ایران کی بحری ، بری اور ہوائی سرحدیں پرامن ہیں ۔ دشمن کے پیشرفتہ ڈرون طیارے نے ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تو ہم نے اسے اپنے دفاعی میزائل سے سرنگوں کردیا ۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے خلاف پابندیاں غیر قانونی ہیں امریکی پابندیاں اب کھوکھلی ہوچکی ہیں جوزیادہ عرصہ جاری نہیں رہ سکتیں۔ ہم نے دشمن کی اقتصادی پابندیوں کو استقامت اور پائیداری کے ساتھ ناکام بنادیا ہے اور آئندہ بھی دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔