ایران کاغربت کے خاتمے کے لئے پاکستان سے تعاون کا اعلان
ایران نے فقر و غربت کے خاتمے کیلئے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان کے دورے پر گئےاسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر صحت باقر لاریجانی نے جمعے کو رفاہ عامہ کی توسیع اور غربت کے خاتمے کے لئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی مشیر ثانیہ نشتر سے ملاقات کی۔اس ملاقات میں باقر لاریجانی نے غربت کو دنیا کے بڑے مسائل میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ تہران غربت سے مقابلے اور اسکی بیخ کنی کے لئے اسلام آباد کے ساتھ بھرپور تعاون کیلئے تیار ہے۔
ایران کے نائب وزیر صحت نے کہا کہ ایران اپنی ستانوے فیصد ادویات اندرون ملک تیار کرتا ہے اور وہ صحت کے شعبے نیز دونوں ممالک کے درمیان میڈیکل کے طلبا اور اساتذہ کے تبادلے کے لئے پوری طرح آمادگی رکھتا ہے۔اس ملاقات میں پاکستان کے وزیراعظم کی مشیر ثانیہ نشتر نے بھی ایران و پاکستان کے عوام کو بہتر رفاہی سہولیات سے بہرہ مند کرنے کے لئے دونوں ممالک کے مشترکہ تعاون پر زور دیا۔
ثانیہ نشتر نے صحت کے شعبے میں ایران کے تجربات سے فائدہ اٹھانے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا نظام صحت تمام تر پابندیوں کے باوجود بہت معیاری اور اعلیٰ ہے۔