Dec ۳۱, ۲۰۱۹ ۲۳:۴۲ Asia/Tehran
  • اگر امریکی حکام نے کسی بھی طرح کی بیوقوفی کی تو...

اسلامی جمہوریہ ایران کا کہنا ہے کہ امریکا کو علاقے میں تباہ کن پالیسیوں سے باز رہنا چاہئے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے تاکید کی کہ عراق کے حالیہ واقعات میں عراقی عوام کی توہین، امریکا کی کم ظرفی اور ماضی کی غلطیوں کی تکرار کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ترجمان وزارت خارجہ نے عراق کے حالیہ حالات کے بارے میں امریکی حکام کی جانب سے ایران پر عائد کئے جانے والے بے بنیاد الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام کی کم ظرفی اتنی زیادہ ہوگئی کہ وہ کم از کم 30 افراد کو خاک و خوں میں غلطاں کرنے اور درجنوں افراد کو زخمی کرنے، عراق کے قومی اقتدار اعلی کی خلاف ورزی کرنے اور بہت زیادہ مالی نقصان کرنے کے بعد، امریکا کے خلاف عراقی عوام کے غم و غصے کی ذمہ داری ایران پر عائد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

سید عباس موسوی نے امریکی دعوے کو عراقی عوام کی توہین سے تعبیر کیا اور کہا کہ کس لئے اور کس بنیاد پر آپ کو توقع ہے کہ عراقی عوام ان تمام جرائم پر خاموش رہيں گے؟

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکا ایک طرف تو عراقی قوم کی خودمختاری اور آزادی کے جذبے کو نظر انداز کر رہا ہے اور دوسری طرف وہ عراق کے سابق آمر صدام اور دہشت گرد گروہ داعش کی حمایت کرکے اور اس کے نتیجے میں عراقی عوام کے قتل عام کو فراموش کر گیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران کے خلاف امریکی حکام کے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے امریکی حکام کی طرف سے کسی بھی طرح کی بیوقوفی اور رد عمل کی بابت خبردار کیا ہے۔

انہوں نے وائٹ ہاوس سے علاقے میں اپنی تباہ کن پالیسیوں پر نظر ثانی کی اپیل کی ہے۔

واضح رہے کہ ہزاروں عراقی شہریوں نے دہشت گرد امریکی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والے الحشد الشعبی کے جوانوں کے جلوس جنازہ میں شرکت کی اور امریکی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی - مظاہرین نے بغداد میں امریکی سفارتخانے کی دیوار پر چڑھ کر الحشد الشعبی کا پرچم لہرا دیا جس کے بعد امریکی سفیر اپنے ساتھیوں کے ساتھ سفارتخانہ چھوڑ کر فرارکرگیا۔ عراقی دارالحکومت بغداد میں شہدا کے جلوس جنازہ میں شریک لوگوں نے عراق کے اقتدار اعلی کے تحفظ پر زوردیتے ہوئے عراق سے دہشت گرد امریکی فوج کے فوری انخلا کا مطالبہ کیا ۔

عراقی شہریوں نے بغداد میں امریکی سفارتخانے کے باہر اجتماع کرکے اللہ اکبر امریکا شیطان الاکبر کے نعرے لگائے اور الحشد الشعبی کے اڈوں پر دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی - امریکی سفارتخانے کے باہر مظاہرے کے شرکا نے اس موقع پر امریکی سفارتخانے کے ایک گیٹ کو بھی آگ لگادی اور سفارتخانے کی دیوار پر چڑھ کر وہاں الحشد الشعبی کا پرچم لہرایا خبروں میں کہا گیا ہے کہ عراقی عوام کے غیظ و غضب اور امریکی سفارتخانےکے باہر زبردست مظاہرے کے پیش نظر امریکی سفیر دیگر امریکی سفارتکاروں کے ہمراہ کسی نا معلوم مقام کی جانب فرار کرگیا۔

امریکا کے دہشت گردانہ حملوں میں عراقی فورس الحشد الشعبی کے شہید ہونے والے جوانوں کی تعداد تیس ہوگئی ہے - خبروں میں کہا گیا ہے کہ بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کی وجہ سے شہید ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے -

ٹیگس