Jan ۰۹, ۲۰۲۰ ۰۸:۰۶ Asia/Tehran
  • رہبرانقلاب اسلامی کی ایران کے تلخ واقعات پرتعزیتی پیغام

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے گزشتہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران ایران میں رونما ہونے والے دو تلخ واقعات پر تعزیتی پیغام تحریر کیا ہے ۔

منگل کی شام شہید جنرل قاسم سلیمانی کے جلوس جنازہ میں اژدہام کے سبب پچاس سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ کل تہران کے قریب یوکرین کا مسافر بردار طیارہ حادثے کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں سبھی ایک سو سڑسٹھ مسافر عملے کے نو افراد کے ہمراہ لقمہ اجل بن گئے۔ اسی مناسبت سے رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں ان حادثات کو تلخ اور غمناک بتاتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے پسماندگان کو تعزیت پیش کی اور ان سے اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

رہبر انقلاب نے اپنے اس تعزیتی پیغام میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے خدائے رحمان سے رحمت و مغفرت کی دعا کی۔

اُدھر ایران کی حکومت نے بھی ایک بیان جاری کر کے ان تلخ اور افسوسناک واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں جمعرات کو ایک روز کے عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ یوکرین کے مسافر بردار طیارے میں زیادہ تر مسافر ایرانی تھے جبکہ یوکرین کے علاوہ دیگر ممالک کے مسافر بھی اس طیارے میں موجود تھے۔

ایران میں یوکرین کے سفارتخانے نے تکنیکی خرابی کو طیارے کے گرنے کی وجہ قرار دیا ہے۔

ٹیگس