ایرانی وزیرخارجہ کو ویزا جاری نہ کرنے کے امریکی اقدام کی مذمت
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لئے ایران کے وزیرخارجہ کو ویزا جاری نہ کرنے اور اقوام متحدہ کے دفتر کے نیویارک میں واقع ہونے کا غلط استعمال کرنے کے واشنگٹن کے اقدام پر شدید احتجاج کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب مجید تخت روانچی نے سکریٹری جنرل گوترش کو ایک خط ارسال کرکے کہا ہے کہ امریکا نے بعض ملکوں کے بارے میں اپنی غیر قانونی بندشوں اور ویزا جاری نہ کرنے کے بارے میں اقوام متحدہ کے قانونی موقف اور اظہار تشویش کا مثبت جواب نہیں دیا ہے - ایرانی مندوب نے کہا کہ موجودہ حالات میں بین الاقوامی قوانین کی اس طرح کی خلاف ورزی کی اصلاح کے لئے موجودہ قانونی روشوں سے استفادہ کیا جانا چاہئے - انہوں نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل سے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے سمجھوتے کی شق نمبر اکیس کے مطابق انہیں چاہئے کہ وہ اس مسئلے کو حل کرائیں کیونکہ اس طرح کے اقدامات سے اس عالمی ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے - پروگرام کے مطابق ایران کے وزیرخارجہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں جو وزرا کی سطح پر ہونے والا ہے جمعرات کو نیویارک کے دورے پر جانا تھا لیکن امریکا نے ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی اپنی پالیسی کے تحت ایرانی وزیرخارجہ کو نیویارک کا دورہ کرنے کا ویزا جاری نہیں کیا - اس درمیان ناوابستہ تحریک کے ایک سو بیس رکن ملکوں نے امریکا کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میزبان ملک کے سیاسی عزائم کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں دیگر ملکوں کی شرکت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہئے