جنرل قاآنی نے قدس فورس کی باضابطہ کمانڈ سنبھال لیا
قدس فورس کے نئے کمانڈر برگیڈیئر جنرل اسماعیل قاآنی نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے حریت پسند، جنرل قاسم سلیمانی کے انتقام کے خواہاں ہیں اور ہم ان کے خون کا انتقام لے کے رہیں گے۔
قدس فورس کے کمانڈر کی حثیت سے اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھالنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر جنرل اسماعیل قاآنی کا کہنا تھا دشمن نے بزدلانہ حملہ کرکے جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کیا ہے کیونکہ میدان جنگ میں ان کا مقابلہ کرنے کی اس میں جرائت نہیں تھی۔
برگیڈیئر جنرل اسماعیل قاآنی نے واضح کیا کہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت سے قدس فورس کی پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی بلکہ ہم پوری قوت سے آگے قدم بڑھائیں گے۔
انہوں نے امریکہ کو شرارت، دشمنی اور خباثت کا محور قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے دشمن صرف طاقت کی زبان سمجھتے ہیں اور ہم اسی زبان میں ان کو جواب دیں گے۔
قدس فورس کے کمانڈر نے اپنے پیشرو شہید قاسم سلیمانی کی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے برسوں کی مجاہدت اور دین اسلام کی خدمت کے دوران جام شہادت نوش کیا۔
اس موقع پر جنرل اسماعیل قاآنی کو باضابطہ طور پر قدس فورس کی کمانڈ سونپی گئی اور اس فورس کا نشان عطا کیا گیا۔
علاوہ ازیں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک حکم نامے کے تحت جنرل سید محمد حجازی کو قدس فورس کا نیا ڈپٹی کمانڈر مقرر کیا گیا ہے جو جنرل اسماعیل قاآنی کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے۔