Jan ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۷:۰۳ Asia/Tehran
  • جنرل قاآنی کو قتل کرنے کی امریکی دھمکی ریاستی دہشتگردی کا کھلا اعلان ہے : ایران

اسلامی جمہوریہ ایران نے سپاہ قدس کے نئے کمانڈر اسماعیل قاآنی کوقتل کرنے کے بارے میں امریکی وزارت خارجہ میں ایران ایکشن گروپ کے سرغنہ کی شرمناک دھمکی کو امریکا کی ریاستی دہشت گردی کی ایک اور واضح مثال قراردیا ہے

امریکی وزارت خارجہ میں ایران ایکشن گروپ کے سرغنہ برایان ہوک  نے  ڈاؤس میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے موقع پر روزنامہ الشرق الاوسط کو انٹرویو دیتے ہوئے نہایت گستاخی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ  جنرل قاسم سلیمانی کے جانشین اورسپاہ قدس کے نئے کمانڈراسماعیل قاآنی اگر اپنے پیشرو  کے راستے پر چلیں گے تو ان کا انجام بھی جنرل سلیمانی جیسا ہوگا  ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے برایان ہوک کے اس دہشت گردانہ بیان کے جواب میں  کہا کہ امریکی وزارت خارجہ کے اس عہدیدار کے بیانات ، امریکا  کی ریاستی دہشتگردی اور ٹارگیٹ کلنگ کا کھلا اعلان ہیں ۔

ترجمان وزارت خارجہ سید عباس موسوی نے کہا کہ صیہونی حکومت کے بعد امریکی حکومت دنیا کی دوسری ایسی حکومت ہے جو کھلے عام اعلان کر رہی ہے کہ وہ اپنی مسلح افواج اور حکومت کے وسائل کو دہشتگردانہ اقدامات کے لئے استعمال کر رہی ہے اور اس کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھے گی ۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی حکومت کی جانب سے دہشتگردانہ اقدامات کا سہارا لئے جانے کو اس کی کمزوری ، مایوسی اور پریشانی کی علامت قرار دیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان اقدامات اور ریاستی دہشتگردی کی حوصلہ افزائی  کی مذمت کرے کیونکہ اس عمل کے جاری رہنے کا نتیجہ جلد یا بدیر سب کو بھگتنا پڑے گا۔

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی جو تین جنوری کو عراقی حکام کی دعوت پر بغداد کے دورے پر گئے تھے ، عراقی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی اور ان کے آٹھ ساتھیوں سمیت بغداد ایئرپورٹ کے قریب دہشتگرد امریکی فوج کے حملے میں شہید ہوگئے تھے ۔امریکہ کے اس مجرمانہ اقدام کی دنیا نے بڑے پیمانے پر مذمت کی تھی۔

ٹیگس