ایران اور پاکستان میں برادرانہ تعلقات قائم ہیں: گورنر سندھ
اسلامی انقلاب کی 41 ویں سالگرہ کے حوالے سے کراچی میں منعقد ہونے والی تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت دیگر عمائدین شہر نے شرکت کی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ایران اور پاکستان میں برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و صنعتی میدانوں میں بہترین تعلقات ہیں۔
عمران اسماعیل ںے کہا کہ ہمسایہ و برادر ممالک کی سرحدیں انتہائی محفوظ ہیں۔
ایران کے قونصل جنرل احمدی محمدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا خوشی کا دن ہے اور یہی وہ دن تھا کہ جب ایرانی عوام کا اسلامی انقلاب کامیابی سے ہمکنار ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک کی کمپنیاں تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں ںے بتایا کہ ایران کے صوبہ سندھ سے بھی مستحکم تجارتی تعلقات قائم ہیں۔
ایران کے قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران تمام شعبہ ہائے زندگی میں ایک دوسرے سے تعاون بڑھا رہے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ روز انقلاب ایران کی 41 ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں متعین ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا تھا کہ ہم فارسی، اردو، کھیل، موسیقی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے پاکستان کو گیس اور بجلی کی ترسیل دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی تھے۔ وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی تقریب میں شریک تھیں۔