ایران کے انتخابات میں امریکی حکام کی توجہ کی وجہ
ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے پارلیمانی انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت کو امریکی رویہ میں تبدیلی کا باعث قرار دیا۔
پارلیمنٹ نیوز کے مطابق ڈاکٹرعلی لاریجانی نے بدھ کی شام نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے اس سوال کے جواب میں کہ امریکیوں نے کیوں انتخابات کے عمل پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے، کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ اگر انتخابات میں ایرانی عوام کی بھر پور شرکت ہوگی تو اس سے ملکی نظام کی افادیت میں اضافہ ہوگا جبکہ امریکیوں کو یہ بات بالکل پسند نہیں اور وہ نظام اسلامی کو کمزور کرنے کے خواہاں ہیں۔
ڈاکٹرعلی لاریجانی نے کل جمعہ کے روز ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام، عوام کی کم شرکت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کے درپے ہیں۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ ایرانی عوام کو امریکی منشا کے برخلاف عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایرانی عوام کو ایک ہوشیار اور سمجھدار قوم بتاتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جمعے کو ہونے والے انتخابات باعزت طریقے سے منعقد ہوں گے جو دشمن کو اپنے عزائم سے پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کر دیں گے۔
واضح رہے کہ ایران میں گیارہویں پارلیمانی انتخابات کل بروز جمعہ کو ہوں گےہیں جن میں دوسو نوے نسشتوں کے لئے سات ہزار سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔