انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت سے دشمن جھنجھلاہٹ کا شکار : خطیب جمعہ تہران
تہران کے خطیب نماز جمعہ نے کہا ہے کہ ایران کے عوام نے انتخابات میں بھرپور شرکت کر کے امریکہ مردہ باد کے نعرے کو عملی جامہ پہنا دیا-
تہران کی مرکزی نماز جمعہ اس ہفتے آیت اللہ سید احمد خاتمی کی امامت میں ادا کی گئی۔
تہران کے خطیب نماز جمعہ نے ایران میں ہونے والے گیارہویں پارلیمانی انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ عوام نے انتخابات میں بڑے پیمانے پر شرکت کر کے دشمن کو سیخ پا کردیا ہے۔
آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہا کہ دشمن اور اس سے وابستہ ذرائع ابلاغ نے ایران کے عوام سے انتخابات میں شرکت نہ کرنے کی التماس کی لیکن عوام نے اپنی بھرپور موجودگی سے اسے منھ توڑ جواب دیا۔
آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہا کہ انتخابات میں عوام کی شرکت، دشمنوں کی شکست ایران کے عوام کی سربلندی کا باعث ہوئی ہے۔
تہران کے خطیب نماز جمعہ نے مغربی ایشیا کے علاقے کے حالات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن سمجھ رہا تھا کہ سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل سے استقامتی محاذ کمزور ہوجائےگا لیکن عراق و لبنان میں امریکہ کی ناکامی ، حلب کے مضافات سے تکفیریوں کا صفایا اور نو سال بعد حلب ایئرپورٹ پر کسی مسافر طیارے کی لینڈنگ ، حالیہ چند برسوں کے دوران استقامت سے متعلق اچھی خبریں ہیں۔
آیت اللہ خاتمی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ سینچری ڈیل پوری طرح ایک ناکام منصوبہ ہے کہا کہ امریکہ اور صیہونی حکومت کو علاقے میں کبھی بھی سکون کا منھ دیکھنا نصیب نہیں ہوگا۔