امریکہ کی اقتصادی دہشتگردی کا جواب کورونا سے مقابلے کیلئے عالمی یکجہتی
ایران کے وزیر خارجہ نے امریکہ کی اقتصادی دہشتگردی کے جواب میں کورونا سے مقابلے کیلئے عالمی یکجہتی کی قدردانی کی۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے آج عالمی ادارہ صحت کی جانب سے امریکہ کی اقتصادی دہشتگردی کے جواب میں کورونا سے مقابلے کیلئے عالمی یکجہتی کی قدردانی کی۔
محمد جواد ظریف نے آج رات ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی اقتصادی دہشتگردی نے ایران کے بیمار افراد کی جان کو خطرے میں ڈال دیا تاہم عالمی ادارہ صحت اوردوست ممالک کی جانب سے طبی امداد ارسال کرنے پر میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے عالمی ادارہ صحت کی پہلی امدادی کھیپ آج ایران پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی امدادی کھیپ میں کورونا وائرس ٹیسٹ کی کٹس اور 8 ٹن مختلف قسم کی ادویات بھی موجود ہیں جس کو ایک فوجی ہوائی جہاز کے ذریعے دبئی ایئرپورٹ سے ایران بھیجا گیا ۔
عالمی ادارہ صحت کے ایک عہدیدار کے مطابق، امداد کے علاوہ 6 طبی ٹیمیں، لیبارٹری اور وبائی امراض کے ماہرین، ایران کو کورونا وائرس کی شناخت اور اس پر قابو پانے میں مدد کریں گے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اب تک دنیا کے 50 ممالک بشمول چین، امریکہ، فرانس، آسٹریلیا، تھائی لینڈ، ملائیشیا، جنوبی کوریا، جاپان، کینیڈا، سوئڈن، اسپین، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور ایران کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔
دنیا میں کرونا وائرس کا شکار افراد میں سے اب تک تین ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔