عالمی برادری کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے ایران سے تعاون کرے: انٹینو گوتریش
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی کمشنر میشل باشلہ کی جانب سے کورونا وائرس میں مبتلا ممالک کے خلاف پابندیوں کو ختم کرنے کے بیان کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے تمام ممالک سے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ کورونا کے خلاف اقدام میں تعاون کریں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان دو چاریک نے نیویارک میں پریس بریفنگ کے دوران ایران اور وینزویلا کے خلاف امریکی پابندیوں کے خاتمے پر مبنی اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی کمشنر میشل باشلہ کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری جنرل نے تمام رکن ممالک سے کہا ہے کہ اس قسم کی صورتحال میں ایران کا ساتھ دیں۔
دو چاریک نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے ایران کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونی گفتگو کی ہے کہا کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل دوسرے ممالک کی نسبت ایران کے لئے طبی وسائل بھیجنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور مسائل و مشکلات سے آگاہ ہیں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی کمشنر میشل باشلہ نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ اقوام متحدہ، ایران اور وینزویلا جیسے ممالک کے خلاف پابندی ختم کرنے یا کم از کم پابندیوں کو کم کرنے کا مطالبہ کرتا ہے تاکہ ان حالات میں ان ممالک کے نظام صحت متاثر نہ ہوں جو اس وقت کورونا سے بر سر پیکار ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپئو اور ملک کے دیگر حکام نے گزشتہ دنوں دعوی کیا تھا کہ امریکی پابندیاں، ایران کو انسانی امداد کی ترسیل میں کوئی روکاٹ پیدا نہیں کر رہی ہیں۔