ایران کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کی مذمت
چین کی کمیونسٹ پارٹی کے عالمی امور کے نائب وزیر نے کورونا وائرس سے متعلق واشنگٹن کے پروپگنڈوں پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ امریکی پابندیاں، کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کی راہ میں ایران کے اقدامات پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق چین کی کمیونسٹ پارٹی کے عالمی امور کے نائب وزیر جو ری نے کل بیجنگ میں ایران کے سفارتخانے میں ایران کے سفیر محمد کشاورز زاده سے ہونے والی ملاقات میں طبی ساز وسامان کی امداد دینے کے موقع پر کہا کہ چین نے کورونا پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی لیکن امریکی حکام کورونا وائرس کو چین سے منصوب کر کے چین کے حکام اور عوام کو بدنام کرنے کی کوشش میں ہیں۔
چین کی کمیونسٹ پارٹی کے اس اعلی عہدیدار نے چین میں کورونا وائرس شروع ہونے پر ایرانی عوام کی مدد و حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ ایران وہ پہلا ملک تھا جس نے کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے چین کی مدد اور حمایت کی۔
واضح رہے کہ چین کی حکومت اور عوام نے اب تک کورونا وائرس کی تشخیص کے کٹ، ماسک، مخصوص لباس اور دیگر طبی وسائل کی 19 کھیپ ایران بھیجی ہے۔