یوم اسلامی جمہوریہ ایران
ایران کے مومن و انقلابی عوام نے ایرانی کیلینڈر کی تاریخ بارہ فروردین مطابق یکم اپریل 1979کو اپنے ملک کی عزت و وقار اور مستقبل کے تعین کے لئے تاریخ رقم کی ہے۔
آج سے اکتالیس سال قبل ایران کے عوام نے پہلی بار اپنی مرضی سے نظام حکومت کا انتخاب کیا تھا اور اٹھانوے فیصد سے زائد رائے دہندگان نے اسلامی جمہوریہ کا انتخاب کر کے الہی اور دینی تعلیمات کی بنیاد پر ایک حکومت کی تشکیل کے حق میں اپنا فیصلہ دیا تھا - یہ دن ایران کی تاریخ میں ایرانی عوام کی خواہش و مرضی اور عزم و ارادے کے متجلی ہونے کا دن ہے- بارہ فروردین مطابق یکم اپریل انیس و اناسی کو انسانی تاریخ کی حریت پسندانہ تحریکوں کے کارناموں میں ایک اور سنہری باب کا اضافہ ہوا جس کو عصر حاضرکی تاریخ میں ایک بے مثال واقعہ قرار دیا جا سکتا ہے-
اکتالیس سال قبل ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد نئی حکومت کے انتخاب کے لئے عوام کو ریفرنڈم میں شرکت کی دعوت دی گئی اور اٹھانوے اعشاریہ دو فیصد عوام نے اسلامی جمہوریہ کے حق میں ووٹ دیا اور پھر اس کے بعد سے یہ دن ایران اسلامی کی تاریخ میں جمہوریت کی عید کے طور پر منایا جاتا ہے
ایرانی قوم نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے ابتدائی دنوں میں اپنے عظیم رہبر و رہنما امام خمینی ( رح) کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے تاریخ ساز ریفرنڈم میں اپنی آگاہانہ شرکت کے ساتھ اسلامی جمہوری نظام حکومت کے حق میں ووٹ دیئے اور اسلامی انقلاب کی کامیابی کے ابتدائی ایام میں ہی پوری دنیا پر اس بات کو واضح کر دیا کہ اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ وہ خود کریں گے اور کسی کو مداخلت کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔
ایرانی تاریخ بارہ فروردین جو یکم اپریل سے مطابقت رکھتی ہے، تاریخ انسانیت کی آزادی و حریت پسندانہ مجاہدت کے درخشاں کارنامے میں ایک سنہری باب کا اضافہ کئے جانے سے مناسبت رکھتی ہے جو اپنی نوعیت کے اعتبار سے معاصر تاریخ میں جرأت و بہادری کا ایک عظیم کارنامہ ہے۔