ایران تیرا شکریہ: ہندوستان
ایران میں تعینات ہندوستان کے سفیر نے قم میں ہندوستانی شہریوں کو ایران کی جانب سے دی جانے والی سہولتوں اور خدمات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے پاس کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے وسائل اور ماہر ڈاکٹرز موجود ہیں۔
ہندوستان کے سفیر گدّم دھر میندر (Gaddam Dharmendra) نے اتوار کی رات قم کے گورنر بہرام سرمست سے ملاقات کی ۔ انھوں نے اس ملاقات میں کہا کہ کورونا وائرس میں مبتلا افراد کے علاج کے لئے ایران جیسے ماہر ڈاکٹر اور پیشرفتہ وسائل ہندوستان میں نہیں ہیں ۔
ہندوستان کے سفیر نے کورونا وائرس میں مبتلا ہندوستانی شہریوں کے قم میں علاج اور ان کی دیکھ بھال پر قم کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔ انھوں نے کہا ہندوستانی حکومت کی پہلی ترجیح اپنے شہریوں کو قم سے اپنے یہاں منتقل کرنا ہے تاکہ ان کے علاج کا بوجھ ایران کے کندھے سے اٹھایا جا سکے۔
اس ملاقات میں قم کے گورنر بہرام سرمست نے بتایا کہ قم میں کورونا وائرس شروع ہونے کے بعد سے ہی غیر ملکی شہریوں کے علاج پر بھی ایرانی شہریوں کی طرح یکساں توجہ دی گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اگر چہ دنیا کے دیگر ملکوں کی حکومتیں اپنے شہریوں کے علاج کو ترجیح دیتی ہیں لیکن ایران میں ایسا نہیں ہے ۔
بہرام سرمست کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس شروع ہونے کے بعد قم کے مختلف ہوٹلوں میں مقیم ہندوستانی زائرین کے ٹیسٹ، ان کو قرنطینہ میں رکھنے اور مبتلا افراد کا علاج شروع کر دیا گیا تھا ۔
قم کے گورنر نے اسی کے ساتھ بتایا کہ اب تک پانچ مرحلے میں آٹھ سو دو ہندوستانی شہریوں کو ان کے وطن پہنچایا جا چکا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے سیکڑوں زائرین کورونا وائرس شروع ہونے سے پہلے سے ہی قم میں موجود تھے اور وائرس پھیلنے کے بعد ان کی طبی جانچ اور علاج پر پوری توجہ دی گئی ہے۔