آئی ام اف اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، امریکی بے رحمی تاریخ میں محفوظ رہے گی: صدر ایران
Apr ۰۸, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۰ Asia/Tehran
صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے عالمی مالیاتی فنڈ آئی ام اف سے اپنے فرائض پر عمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بدھ کو کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ آئی ام اف اور عالمی بینک کو اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنا چاہیے۔ صدر ایران نے کہا کہ اگر اس دشوار صورتحال میں انہوں نے اپنی ذمہ داریوں پر عمل نہ کیا تو دنیا کو اس سے غلط پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے پچھلے پچاس برس کے دوران آئی ام اف سے کبھی لون کی درخواست نہیں کی مگر اپنی ذمہ داریوں پر ہمیشہ عمل کیا ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اگر آئی ام اف نے ایران اور دیگر ملکوں کے ساتھ امتیازی رویہ اپنایا تو اسے ہر گز قبول نہیں کیا جائے گا۔
صدر ایران نے امریکہ کی خود سرانہ پالیسیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ شروع ہی سے یکطرفہ پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور کورونا وائرس کے حوالے سے بھی اس نے اسی غلط سوچ اور پالیسی کو اپنا رکھا ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کا کہنا تھا کہ امریکہ اقتصادی مسائل کے ساتھ ساتھ اب میڈیکل کے شعبے میں بھی دہشت گردی پر اتر آیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ عالمی ادارۂ صحت کے قانون مجریہ دو ہزار پانچ کی بھی خلاف ورزی کر رہا ہے جس میں وبائی بیماریوں کے سلسلے میں دنیا کے تمام ملکوں کو باہمی تعاون کا پابند کیا گیا ہے۔
صدر ایران نے کہا کہ تاریخ کا یہ سیاہ داغ امریکی حکمرانوں کے دامن پر ہمیشہ باقی رہے گا کہ انہوں نے کورونا کے بحران کے دوران بھی ایرانی عوام کے خلاف دباؤ میں کمی نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ البتہ میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ تاریخ گواہ ہے کہ ایران کے عوام ہر مشکل کو برداشت کرنے کی توانائی رکھتے ہیں اور موجودہ دور کو بھی کامیابی کے ساتھ عبور کرلیں گے۔
صدر نے کہا کہ آج ہم ٹسٹ کٹس کی تیار میں مکمل خود کفیل ہو چکے ہیں اور ملکی پیداوار تیزی کے ساتھ جدیدکاری کی جانب گامزن ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے ایران کے خلاف امریکہ کی یک طرفہ اور ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نام خط میں انہوں نے لکھا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیاں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب اور دنیا کے تمام ملکوں کے نقصان میں ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ایسے دشوار حالات میں جب کورونا وائرس نے دنیا کے تمام علاقوں اور ملکوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، عالمی اتحاد اور تعاون کی ضرورت ہے کیونکہ کہ دنیا کے تمام ممالک اس بیماری کے خلاف جنگ میں ایک محاذ پر ہیں۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے اپنے خط میں یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ کورونا کے موثر مقابلے کے لیے ایران کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کا خاتمہ پوری دنیا کے مفاد میں ہے اور وقت کی اہم ترین ضرورت بن گیا ہے۔
دو ہفتے قبل بھی اقوام متحدہ میں ایران اور دنیا کے سات دیگر ملکوں کے مندوبین نے سیکریٹری جنرل کے نام مشترکہ خط میں امریکہ کی غیر قانونی پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ کورونا وائرس کے انسداد کے حوالے سے عالمی کوششیں متاثر نہ ہونے پائیں۔ پچھلے چند روز کے دوران دنیا کے بہت سے دیگر ملکوں نے بھی اس خط پر دستخط کر دیئے ہیں۔