دنیا کو امریکی غنڈہ گردی کا سامنا ہے: جواد ظریف
ایران کے وزیر خارجہ نے امریکہ کیجانب سے عالمی ادارہ صحت کے فنڈز روک دینے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا امریکہ کی غنڈہ گردی کا تجربہ کر رہی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ اب پوری دنیا اس چیز کا تجربہ کر رہی ہے کہ جس کا ایران بہت عرصے سے سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی غنڈہ گردی، من گھرٹ بیانات اور دھمکیاں صرف نشہ نہیں ہیں بلکہ یہ سب دنیا کے عوام کو مار ڈالتے ہیں۔
جواد ظریف نے اس مشکل صورتحال میں امریکہ کیجانب سے عالمی ادارہ صحت کے فنڈز کو روک دینے کے شرمناک اقدام کے رد عمل میں کہا کہ امریکہ کا یہ اقدام بھی ایران کیخلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے جیسا ہے جس کی وجہ سے امریکہ بدنام ہو گا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس سے نمٹنے میں ناکامی پر عالمی ادارہ صحت کے فنڈ روک دیے ہیں جس پر ماہرین صحت نے اس فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پرالزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ تائیوان نے انسانوں سے انسانوں میں وائرس منتقلی کی وارننگ دی تھی اور عالمی ادارہ صحت نے ان کی ابتدائی وارننگ نظرانداز کر کے بیجنگ کی مدد کی۔
امریکی صدر کا الزام تھا کہ چین نے دنیا سے کورونا کی ہولناکی کو چھپایا تھا۔ تاہم عالمی ادارہ صحت نے امریکی صدر ٹرمپ کا الزام مسترد کیا تھا۔